بنگال کانگریس سچن پائلٹ اور جیوتری آدتیہ سندھیا کو مدعو کرنے کی تیار ی میں

کلکتہ 24دسمبر (سیاست ڈاٹ کام )لو ک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی نے جہاں مغربی بنگال میں وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی قومی صدرامیت شاہ کی ریلیوں کا انعقاد کرکے پارٹی میں جان پھونکنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔اب وہیں بنگال کانگریس نے بھی پارٹی قومی صدر راہل گاندھی کے علاوہ مدھیہ پردیش اور راجستھان کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت میں ہیرو کا کردار ادا کرنے والے سچن پائلٹ اور جیوتری رادے سندھیاکو مدعو کرکے کانگریسی ورکروں کے حوصلے اورنوجوانوں کو کانگریس سے جوڑنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔بنگال کانگریس کو یقین ہے کہ اگر بنگال میں ان دونوں نوجوان لیڈروں کی ریلیاں ہوتی ہیں تو اس سے نہ صرف پارٹی ورکروں کے حوصلے بلند ہوں گے بلکہ نوجوانوں کے رحجان میں اضافہ ہوگا۔تین ہندی بولنے والی ریاستوں میں کانگریس کی شاندار کامیابی کے بعدسے ہیت بنگال کانگریس کے لیڈران پرجوش ہیں اور راہل گاندھی نے بھی بنگال کانگریس کے لیڈروں کو لوک سبھا انتخابات میں تنہا انتخاب لڑنے کی ہدایت دی ہے ۔کانگریس کے ذرائع کے مطابق ان نوجوانوں لیڈروں کے پروگرام ریاست کے اضلاع میں منعقد کرائے جاسکتے ہیں۔11دسمبر کو تین ریاستوں میں شاندار کامیابی کے صرف ایک دن بعد ہی بنگال کانگریس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی ریلی امیدوں سے کہیں زیادہ کامیاب ثابت ہوئی تھی۔حالیہ برسوں میں کانگریس کی یہ سب سے بڑی ریلی تھی۔گرچہ اس ریلی کی تاریخ کا اعلان پہلے ہی کردیا گیا تھا۔تاکہ اسمبلی انتخابات میں بہترنتائج کے بعد کانگریسی ورکروں کے حوصلے بلند ہوگئے تھے ۔اب کانگریس بریگیڈ میدان میں فروری کے وسط میں ریلی کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے جس سے راہل گاندھی خطاب کریں گے ۔کانگریس کے ذرائع کے مطابق اس ریلی کی تیاری جنوری سے شروع ہوجائے گی۔سچن پائلٹ اور جیوترآدتیہ سندھیا کے علاوہ بنگال میں راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ اور چھتس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش باگھیل کے بھی بنگال میں پروگرام کرانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔بنگال کانگریس کے صدر سومن مترا نے کہا کہ اگلے چند مہینوں میں کئی سینئر کانگریسی رہنما بنگال آئیں گے تاہم ابھی نام فائنل نہیں ہوئے ہیں۔