بلوچستان اسمبلی کے قریب خودکش بم حملہ ، 6 ہلاک

مہلوکین میں 4 اور زخمیوں میں 11 ملازمین پولیس شامل
کراچی ۔ /9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک خودکش بم بردار نے آج پاکستان کی بلوچستان اسمبلی کے قریب خود کو دھماکہ سے اڑالیا ۔جس سے کم از کم 6 افراد بشمول 4 ملازمین پولیس ہلاک ہوگئے اور دیگر 18 زخمی ہوئے ۔ کچھ دیر قبل صوبائی چیف منسٹر نے اپنے عہدہ سے سیاسی عدم استحکام کی بنا پر استعفیٰ دے دیا تھا ۔ ابتدائی اطلاع کے بموجب خودکش بم بردار ایک موٹر سائیکل پر سوار آیا تھا اور اس نے ٹوئٹہ زرغون شاہراہ پر فرنٹیئر کانسٹبلری کی لاری پر حملہ کردیا ۔ یہ انتہائی سخت صیانتی انتظامات کے ریڈزون سے صرف 300 میٹر کے فاصلے پر ہے ۔ صوبائی اسمبلی اور چیف منسٹر کی سکریٹریٹ بھی یہیں واقع ہے ۔ ممنوعہ تحریک طالبان پاکستان نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ آئی جی پی بلوچستان معظم انصاری نے کہا کہ عملہ سے 4 ملازمین پولیس اور دو شہری ہلاک ہوئے ۔ زخمیوں میں 7 ملازمین پولیس اور 11 شہری شامل ہیں جو مختلف دواخانوں میں زیرعلاج ہیں ۔