بلند و بالا مقامات پر سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کرشمہ سے کم نہیں

لیہہ کو خرا خرم سے مربوط کرنے والے پل کا افتتاح ، وزیر دفاع نرملا سیتارامن کا خطاب
لیہہ ۔ /30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے آج یہاں پرتھم ۔ شیوک پل کا افتتاح کیا جو یہی سے خرا خرم کو مربوط کرتا ہے اور اس سے فوجی نقل و حرکت کیلئے حکمت عملی کی اہمیت کے حامل دربوک ۔ شیوک دولت بیگ اولڈی محور کو رابطہ فراہم ہوگا ۔ وزیر دفاع نے جو اس جموں و کشمیر کے دو روزہ دورہ پر ہیں سرحدی سڑکوں کے ادارہ بارڈر روڈس آرگنائزیشن ( بی آر او) کے افسران و ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حد تک بلندی کے علاقہ پر پل اور سڑکیں تعمیر کرنا کسی کرشمہ سے کم نہیں ہے ۔ سیتا رامن نے کہا کہ ’’مختلف ریاستوں کے جوان مختلف موسمی حالات کی حامل ریاستوں سے یہاں پہونچ کر اس حد تک بلند مقامات پر تعیناتی کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے ہیں جو قابل ستائش ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دریائے شیوک گانگ پر عصری فن تعمیر پر مبنی یہ پل مقامی افراد کے سفر کو وسعت دے گا اور حکمت عملی کے حامل علاقہ میں فوجی نقل و حرکت کے لئے بھی معاون ہوگا ۔ بالخصوص حکمت عملی کے ٹرانسپورٹ کیلئے سفر و مواصلات کی سہولتوں میں اضافہ ہوگا ۔ نرملا سیتا رامن نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت جوانوں کی بھرپور تائید کرتے ہیں جو (جوان) ہر قسم کی صورتحال میں ملک و قوم کی حفاظت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم ان جوانوں کیلئے وقت دینے کے عہد کے پابند ہیں اور ان کی ممکنہ مدد کی جائے گی ‘‘ ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وزیراعظم نریندر مودی بھی سیاچن کا دورہ کرتے ہوئے سپاہیوں کے ساتھ وقت گزارچکے ہیں ۔ سیتا رامن نے کہا کہ حکومت ان حالات کو سمجھنا چاہتی ہیں جن میں فوجی جوان اپنی زندگی گزارتے ہیں ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ’’میں یقین دلاتی ہوں کہ حکومت ہر وقت اور ہر حالت میں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے ۔ ہم صرف آپ کی ضروریات اور مطالبات کیلئے ہی فکر مند نہیں ہیں ۔ بلکہ آپ کے خاندانوں کا بھی بھرپور خیال رکھتے ہیں ‘‘ ۔