بلند شہر تشدد : انسپکٹر سبودھ کمار کے قتل کا اہم ملزم گرفتار

اترپردیش کے بلندرشہر ضلع میں ہوئے تشدد کے 25 دن بعد پولیس نے انسپیکٹر سبودھ کمار سنگھ کے قاتل پرشانت نٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق پرشانت دہلی میں کیب ڈرائیور ہے۔ بلند شہر کے ایس پی او بربھاکر چودھری نے جمعرات کے روز پرشانت کی گرفتاری کی بات بتائی ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ نٹ نے ہی انسپیکٹر سنگھ کا قتل کیا تھا اور اس سے اس معاملہ میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ حالاںکہ، قتل میں استعمال کی گئی پستول ابھی بھی برآمد نہیں ہوپائی ہے۔

غور طلب ہے کہ مبینہ گئوکشی کے واقعہ کے بعد بلند شہرتشدد کی آگ میں جل گیا تھا اوراس تشدد میں جہاں انسپکٹرسبودھ کمارسنگھ شہید ہوگئے تھے، وہیں ایک نوجوان سمت کی بھی تشدد کے دوران موت ہوگئی تھی۔ اس کی عمر 20 سال کے قریب تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ویڈیو فوٹیج‘ اور کچھ لوگوں کی گواہی کی بنیاد پر انسپیکٹر کے قتل میں نٹ کو مشکوک پایا گیا۔

پولیس نے پرشانت نٹ پر 3 دسمبر کو چنگراوٹھی میں ہوئے تشدد کے دوران شہید انسپیکٹر سبودھ کمار کو گولی مارنے کا الزام لگایا ہے۔ ملزم سے پوچھ گچھ  کے بعد سیانا تشدد کے معاملہ میں پولیس جمعہ کے روز بڑا انکشاف کر سکتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پرشانت نٹ نے پستول چھیننے کے بعد انسپیکٹر کو گولی ماری تھی۔ پرشانت نٹ چنگراوٹھی گاوں کا رہنے والا ہے۔