بل، جلدی چلو ! اوباما کی عجلت پسندی

واشنگٹن ۔ یکم اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما کی عجلت پسندی کا مظاہرہ حال ہی میں اُس وقت دیکھنے میں آیا جب کہ وہ اسرائیلی لیڈر شمعون پیریز کی تدفین میں حصہ لینے کے بعد اپنے ملک واپس ہورہے تھے ۔ انھوں نے ایرفورس 1 طیارے کی سیڑھیوں سے دو مرتبہ بل کلنٹن کو زور سے آواز دی اور کہا ’’بل ، جلدی چلو ‘‘ اُس وقت بل کلنٹن کسی سے بات چیت میں مصروف تھے ۔ اوباما اپنی شرٹ کی آستین چڑھائے ہوئے اور واپسی کیلئے کافی بیچین نظر آرہے تھے۔ انھوں نے طیارے کے دروازے پر ہی کھڑے ہوکر کلنٹن کو جلدی آنے کیلئے کہا ۔ یہ دونوں قائدین ملکر واپس ہورہے تھے ۔ اوباما نے طیارے کی سیڑھیاں چڑھتے ہی دونوں ہاتھ سے تالی بجاکر چلاتے ہوئے کلنٹن کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی اور کہا بل جلدی چلو ، تاہم بل کلنٹن نے اپنی بات چیت جاری رکھی ۔ اُس کے بعد اوباما نے دوسری مرتبہ اسی طرح آواز دی اور کہا کہ مجھے جلد گھر جانا ہے ، چنانچہ بل کلنٹن فوری طیارے میں سوار ہوگئے ۔ اُس وقت اُنھیں صدر کے ساتھ مصافحہ کرتے اور اُن کی پیٹھ تھپتھپاتے ہوئے دیکھا گیا ۔