برف پانی میں کیوں تیرتی ہے ؟

بچو! اگر برف کے کسی چھوٹے ٹکڑے کو تم گلاس یا کسی برتن میں ڈالو تو تم دیکھو گے کہ برف پانی میں نہ ڈوب کر تیرنے لگتی ہے ۔ یہ ایک تعجب کی بات ہے آخر ایسا کیوں ہوتا ہے ۔ دراصل جب ہم کسی چیز کو پانی میں ڈالتے ہیں تو وہ چیز پانی ہٹاتی ہے ۔ اس پر دو طرح کی قوت کام کرتی ہے ۔ اس چیز کا وزن نیچے کی طرف دباؤ ڈالتا ہے اور پانی کے ذریعہ لگایا ہوا زور اوپر کی جانب کام کرتا ہے ۔ جب چیز کا وزن اس کے وزن کے ذریعہ ہٹائے گئے پانی کے وزن کے برابر زیادہ ہو تو چیز پانی میں تیرتی ہے ۔ دوسری طرف جب کسی چیز کے ذریعہ ہٹائے گئے پانی کا وزن اس کے وزن سے کم ہو تو وہ ڈوب جاتی ہے ۔ جب آپ برف کو پانی میں ڈالتے ہیں تو وہ اپنے وزن سے زیادہ وزن کا پانی ہٹاتی ہے جس سے برف پانی میں تیرتی رہتی ہے ۔ اب تم اس بات کو بخوبی سمجھ گئے ہوں گے جو سائنس کے اصول سے ثابت ہوتی ہے ۔