برسر اقتدار پارٹی کو صرف امیروں کی فکر: کنہیا کمار

…میں عام آدمیوں کا نمائندہ…
برسر اقتدار پارٹی کو صرف امیروں کی فکر: کنہیا کمار
بیگوسرائے (بہار) 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی امیدوار کنہیا کمار نے آج اعتماد ظاہر کیاکہ وہ زیادہ طاقتور بی جے پی اور آر جے ڈی کے نامزد امیدواروں کے خلاف انتخابی کیرئیر کی شروعات میں کامیاب ہوں گے۔ جب سے سابق صدر جے این یو اسٹوڈنٹس یونین نے انتخابی سیاست میں قدم رکھا ہے، وہ موضوع بحث بنے ہوئے ہیں اور جب اُنھوں نے بیگوسرائے سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تو اُن کے فی صلے کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔ کنہیا کا دعویٰ ہے کہ بیگوسرائے کے عوام دل سے ووٹ دیں گے اور دَل (پارٹی) کو نہیں دیکھیں گے۔ اُنھوں نے آج بیگوسرائے کے ایک پولنگ بوتھ پر ووٹ ڈالنے کے لئے قطار میں کھڑے رہ کر انتظار کیا اور بعد میں کہاکہ اُنھیں وہی اسکول پہونچ کر بڑی خوشی ہوئی جسے آج پولنگ بنایا گیا ہے۔ اُنھوں نے یہی گورنمنٹ سکینڈری اسکول سے تعلیم حاصل کی ہے۔ 32 سالہ کنہیا جو تین سال قبل دہلی میں اُن کے خلاف درج کئے گئے غداری کیس سے شہ سرخیوں میں آگئے، اُنھیں مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر گری راج سنگھ اور آر جے ڈی کے سینئر لیڈر تنویر حسن کے ساتھ سہ رخی مسابقت درپیش ہے۔ بائیں بازو کے پہلی بار الیکشن لڑنے والے امیدوار نے کہاکہ بیگوسرائے میں لوگ پارٹی وابستگی کو نہیں دیکھیں گے کیوں کہ اُنھیں کارکردگی سے مطلب ہے۔ برسر اقتدار اتحاد نے صرف امیروں اور طاقتور شخصیتوں کے لئے کام کیا ہے جبکہ میں عام شہریوں کے مسائل کی یکسوئی کے لئے کھڑا ہوں، جن کا خود مَیں بھی حصہ ہوں۔ اُن کے حریفوں کا الزام ہے کہ وہ بی ٹیم کی حیثیت سے کام کررہے ہیں تاکہ زیادہ طاقتور امیدوار کی کامیابی میں مدد کی جاسکے۔ کنہیا نے ایسے الزامات کو خارج کرتے ہوئے جواب دیا کہ بالی ووڈ میں ایک نغمہ ہے …کچھ تو لوگ کہیں گے لوگوں کا کام ہے کہنا۔ لوگ ہر قسم کی بات کرتے ہیں ، جب نتائج سامنے آجائیں گے تو سب افواہیں خود بخود ختم ہوجائیں گی۔ دریں اثناء آرجے ڈی امیدوار تنویر حسن نے سی پی آئی امیدوار پر تنقید کی اور کہاکہ اُن کے حامی جھوٹی مہم چلارہے ہیں کہ وہ لمحہ آخر میں کنہیا کی حمایت کے لئے اپیل کرچکے ہیں۔