بانی امیزان کمپنی کی دولت میں ایک دن میں 12 ارب ڈالر کا اضافہ

دنیا کے امیر ترین شخص فی منٹ 83 لاکھ 33 ہزار ڈالر جیب میں ڈالتے رہے
لندن 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) جمعرات /26 اپریل کی تاریخ دنیا کے دولت مند افراد کے حوالے سے ایک اہم دن تصور کیا جائیگا ۔ یہ دن اقتصادیات کی دنیا میں اس لیے تاریخی قرار دیا گیا ہے کہ اس تاریخ کو دنیا کے ایک امیر ترین شخصیت کی دولت میں ایک جھٹکے میں 12 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ۔ وہ ہر گھنٹے 500 ملین ڈالر اور فی منٹ 83 لاکھ 33 ہزار ڈالر اپنی جیب میں ڈالتے رہے ہیں ۔ آن لائن کاروبار میں مشہور امریکہ کی امیزان کمپنی کے بانی چیرمین جیف بیزوز جمعرات کے روز ہونے والی خرید و فروخت میں ایک منٹ میں 83 لاکھ 33 ہزار اور ایک سیکنڈ یعنی 1 لاکھ 39 ہزار ڈالر کماتے رہے ۔ بلومبرگ ایجنسی کے مطابق 54 سالہ جیف بیزوز کی مجموعی دولت ایک کھرب 34 ارب ڈالر سے زائد ہے ۔ یہ خبر عالمی ذرائع ابلاغ کی توجہ کا بھی مرکز بنی جس میں بتایا گیا کہ امیزان کمپنی کے مالک کی مجموعی دولت میں ایک ہی دن میں 6.3 فیصد اضافہ ہوا ۔ اسٹاک مارکٹ میں اس کے حصص کی قیمت 1614 ہے اور ایک روز میں 12 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ۔ بلومبرگ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چار ماہ کے دوران بیزوز کی دولت میں 34 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ۔ گزشتہ برس کے آخر میں اس کی دولت 1 کھرب ڈالر تھی جبکہ رواں ماہ اپریل میں سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق اس کی مالیت 1 ارب 34 کھرب ڈالر ہوگئی ہے ۔ اوسطاً ہر ماہ ان کی دولت میں 8 ارب 50 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہورہاہے ۔ دوسرے الفاظ میں ہر روز وہ 20 کروڑ 83 لاکھ ڈالر کمارہے ہیں ۔ امیزان کمپنی کی دولت میں اضافے کے ساتھ اس کے گاہکوں اور فروخت ہونے والے مصنوعات کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ گزشتہ برس اس کی فروخت ہونے والی مصنوعات کی تعداد ایک کھرب تک جا پہنچی تھی جب کہ اس کے آن لائن گاہکوں کی تعداد دس کروڑ سے زائد ہے ۔