بابائے قوم مہاتما گاندھی کی برسی پر قوم کا خراج عقیدت

نئی دہلی 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قوم نے آج مہاتما گاندھی کو اُن کی 66 ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے خراج عقیدت پیش کرنے میں قوم کی قیادت کی۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی، نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری اور وزیراعظم منموہن سنگھ نے گاندھی جی کی سمادھی راج گھاٹ پر پھول مالائیں چڑھائیں۔ صدرنشین یو پی اے و صدر کانگریس سونیا گاندھی، وزیر دفاع اے کے انٹونی، مرکزی وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے، سینئر بی جے پی قائد ایل کے اڈوانی، فوج کے تینوں شعبوں کے سربراہوں نے بابائے قوم کی سمادھی پر پھول مالائیں چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اور اُن کے وزراء بھی شامل تھیں۔

مرکزی وزراء، مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ کثیر مذہبی دعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ہندو، مسلم، بدھسٹ، عیسائی، جین، پارسی اور سکھ مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اِس موقع پر حب الوطنی کے گیت پیش کئے گئے۔ مختلف اسکولس کے تقریباً ڈھائی سو طلبہ پروگرام میں شریک تھے۔ ایک نیا موسیقی ریز البم جاری کیا گیا، جس میں مہاتما گاندھی سے منسوب 108 گیت جنھیں ملک گیر سطح کے مختلف شعراء نے 14 مسلمہ سرکاری زبانوں بشمول کشمیری، سندھی اور اُردو میں تحریر کیا ہے، شامل تھے۔ یہ موسیقی ریز البم 20 سالہ پراجکٹ ’’باپو گیتیکا : مہاتما کیلئے گیت‘‘ کا ایک حصہ ہے۔ جس کا نظریہ ریٹائرڈ سرکاری عہدیدار کلپنا پالکی والا نے پیش کیا تھا۔ 108 گیتوں کی دھنیں تیار کی گئی ہیں،

اُن میں سے بعض گیت ایسے بھی ہیں جو گاندھی جی کی زندگی میں تحریر کئے گئے تھے اور باقی اُن کے قتل کے بعد خراج عقیدت کے طور پر تحریر کئے گئے۔ یہ گیت عظیم شعراء جیسے رابندر ناتھ ٹیگور، سبھدرا کماری چوہان، میتھلی شرن گپت، سبرامنیم بھارتی، امرتا پریتم، رام دھاری سنگھ دنکر، اوما شنکر جوشی، سمترا نندن پنتھ، رائے اپرولو، سبا راؤ اور نٹو گوپال نرہر کے تحریر کردہ ہیں۔ کلپنا پالکی والا نے کہاکہ وہ اِن گیتوں کے علاوہ چند اور گیت پیش کرنے کی منتظر تھیں جو 2 اکٹوبر اور 30 جنوری کو ریڈیو اور ٹی وی پر ہر سال پیش کئے جاتے ہیں۔ اُنھیں ’’گاندھی شٹاڈل‘‘ کتاب دستیاب ہوئی۔ اِن میں 101 نظمیں تھیں۔ اِس طرح اِس پراجکٹ کا آغاز ہوا۔ 7موسیقی کاروں نے 14 زبانوں میں 108 گیتوں کی دھنیں اور تقریباً 15گھنٹے طویل البم تیار کیاہے۔ اِس پراجکٹ میں 60 سے زیادہ موسیقار شامل تھے۔