ا11اگست کو وزیراعظم کی حیثیت سے حلف

عمران خان کا اعلان ‘ سادہ اکثریت کیلئے پی ٹی آئی کو
مزید عددی طاقت درکار
پشاور ، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عمران خان نے آج کہا کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم کی حیثیت سے 11 اگست کو حلف لیں گے، میڈیا رپورٹ سے یہ بات معلوم ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف 65 سالہ عمران خان کی قیادت میں پارلیمانی انتخابات کے بعد واحد بڑی جماعت بن کر اُبھری ہے، لیکن وہ اپنے بل پر حکومت تشکیل دینے ہنوز کمتر عددی طاقت رکھتی ہے۔ اُن کی پارٹی نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ وہ چھوٹی پارٹیوں اور آزاد اراکین سے رابطہ کررہی ہے تاکہ حکومت تشکیل دی جاسکے۔ عمران کے حوالے ریڈیو پاکستان نے کہا، ’میں بطور وزیراعظم آئندہ ماہ (اگست) کی 11 تاریخ کو حلف لوں گا‘۔ انھوں نے صوبہ خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے پی ٹی آئی ارکان سے خطاب میں کہا: ’’میں نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کے تعلق سے بھی فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان آئندہ 48 گھنٹوں میں کروں گا۔ میں نے جو کچھ فیصلہ کیا ہے وہ عوام کے مفاد میں ہے۔ قبل ازیں ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق نے بتایا تھا کہ عمران خان بحیثیت وزیراعظم 14 اگست سے قبل حلف لیں گے۔ انھیں امید ہے صدر پاکستان اسمبلی سیشن طلب کریں گے اور عمران خان یوم آزادی سے قبل وزارت عظمیٰ کا حلف لیں گے۔