اے پی و تلنگانہ میں دیوالی دھوم دھام سے منائی گئی

حیدرآباد۔30اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں روشنیوں کا تہوار دیوالی روایتی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے ۔ عوام نے گھروں کو سجایا ‘ خصوصی پکوان کا اہتمام کیا ‘ نئے کپڑے پہنے اور ایک دوسرے کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں ۔صبح ہی سے منادر میں خصوصی پوجا کیلئے طویل قطاریں دیکھی گئیں ۔ بازاروں میں چھوٹے بڑے پٹاخوں کی دھوم ہے ۔ پٹاخوں کی خریداری میں بھی گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال کافی اضافہ ہوا ہے ۔ آج صبح تلنگانہ قانون ساز کونسل کے چیرمین سوامی گوڑ نے چارمینار کی مندر میں پوجا کی ۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندو مسلم اتحاد کیلئے حیدرآباد ریاست کے آخری نظام کے دور سے کام چلتا آرہا ہے ۔ پٹاخوں کی فروخت میں اس سال اضافہ ہوا ہے ۔ آندھراپردیش کے وجئے واڑہ میں پٹاخے فروخت کرنے والے ایک شخص نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال فروخت میں اضافہ ہوا ہے اور عوام کو ڈسکاونٹ بھی دیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف عوام کا ماننا ہے کہ اس سال پٹاخوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ پٹاخے فروخت کرنے والوں نے بتایا کہ اس سال چین کے پٹاخے تیار نہیں کئے جارہے ہیں۔ دوسری طرف ماہرین ماحولیات نے بتایا کہ دیوالی تہوار کو ماحول دوست دیوالی کے طورپر منایا جاناچاہئے ۔دیوالی کے موقع پر راجمندری میں پشکر گھاٹ کے قریب جشن کا اہتمام کیا گیا جس میں نوجوانوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیتے ہوئے کبڈی اور مختلف کھیلوں کا اہتمام کیا ۔ صبح ہی سے پشکر گھاٹ کے قریب عوام کی کثیر تعداد جمع ہونا شروع ہوگئی جن میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمشنر بلدیہ وجئے راما راجو نے کہا کہ محفوظ اور مسرت بھری دیوالی عوام منائیں ۔انہوں نے کہا کہ اس جشن پر بہتر ردعمل دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتہ بھی اسی مقام پر ہیپی سنڈے پروگرام ہوا تھا جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی تھی۔ اس ہفتہ ہیپی سنڈے کے علاوہ دیوالی کا جشن بھی منایا جارہا ہے۔