ایک ہفتہ میں تین یا چار بار مچھلی ضرور کھائیں

لندن ۔ 4 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام )اگر آپ کولیسٹرول کی سطح کو بے قابو ہونے دینا نہیں چاہتے تو ایک ہفتہ میں کم سے کم تین یا چار بار مچھلی آپ کی غذا کا حصہ ہونا چاہئے جس سے نہ صرف کولیسٹرول میں اضافہ نہیں ہوتا بلکہ قلب کا عارضہ بھی لاحق نہیں ہوتا ۔ یونیورسٹی آف ایسٹرن فن لینڈکے محققین نے بتایا کہ ایسے افراد جو اپنی غذا میں مچھلی اور دیگر لیپو پروٹین والی اشیاء کا استعمال کرتے ہیں ، سمجھ لیجئے وہ ایک صحت مند زندگی گزار رہے ہیں۔ ان غذاؤں کے استعمال سے اُن کے خون میں لیو پروٹین کے عناصر بھی شامل ہوجاتے ہیں۔

مچھلی کی زائد مقدار کو غذا کا حصہ بنانے سے خون میں لیو پروٹین عناصر کا اضافہ ہوتا ہے جس سے انسانی جسم کی قوت مدافعت مستحکم ہوتی ہے۔ یہاں اس بات کاتذکرہ بھی ضروری ہے کہ خون کے سفید ذرات اور سرخ ذرات انسانی جسم کا اہم جزو ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے جسم میں کولیسٹرول کی مقدار اپنی حد سے تجاوز نہ کرے تو مچھلی کو غذا کا حصہ بنانا ضروری ہے ۔ مچھلی بھی ایسی ہونی چاہئے جس میں گوشت کی مقدار زیادہ ہو ۔ چھوٹی مچھلیوں کے گوشت میں ایسے اجزاء نہیں ہوتے جو جسم کے کولیسٹرول کو قابو میں رکھ سکیں۔ کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے کے علاوہ جسم کا دفاعی نظام مستحکم ہونا لازمی ہے ۔ اُس کے بعد ہی انسان بیماریوں سے مقابلہ کرنے کے قابل ہوتا ہے ورنہ معمولی بیماریاں بھی انسان پر جلد حاوی ہوجاتی ہیں اور وہ ہمیشہ نحیف و لاغر نظر آتا ہے ۔