این ڈی اے کی حالت بہت ہی خراب ہے: کے سی تیاگی

پٹنہ : بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کی یہاں ہونے والی میٹنگ سے ایک دن قبل جنتا دل کے ترجمان کے سی تیاگی نے یہ کہہ کر ادھم مچادی کہ حکمراں اتحاد کی حالت بہت ہی خراب ہے ۔

جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری نے اس کے ساتھ ہی اپنی پارٹی کے سخت تیور او رموقف کا بھی اظہار کردیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ این ڈی اے کی حالت بہت ہی خراب ہے ۔اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ این ڈی اے کے اندر کی کھینچ تان شدید ہوگئی ہے ۔

تیاگی نے کہا کہ جے ڈی یو نے بی جے پی کو بہار میں اقتدار کاحصہ بنایا ہے ۔جے ڈی یو نے بی جے پی کو نائب وزیراعلی اور دوسرے اعلی عہدے فراہم کئے ۔ان سب کے باوجود مرکز میں جے ڈی یو کو نہ تو وزارتی کونسل میں جگہ ملی اورنہ اہمیت حاصل ہوئی ۔

کے سی تیاگی نے کہا کہ صدر بی جے پی امیت شاہ کی شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکر ے سے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھااقدام ہے ۔اور یہ قدم بہت پہلے ہی اٹھایا جانا چاہئے ۔جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کے ساتھ صرف نام کا اتحاد رہ گیا ہے ۔یہ سب بتاتا ہے کہ این ڈی اے کی حالت بہت خراب ہے ۔