ایزی جیٹ کی ’کم عمر ترین کمرشیل پائلٹ‘

لندن ۔ 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی’ایزی جیٹ‘ ایئر لائن کے مطابق 26 سالہ کیٹ میک ویلیمز دنیا بھر میں سو سے زیادہ مقامات پر جہاز خود اڑا کر لے کر گئی ہیں۔ کیٹ برطانیہ کی ایک سستی ایئر لائن ’ایزی جیٹ‘ میں کیپٹن ہیں اور اْن کی عمر صرف 26 برس ہے۔ ایزی جیٹ کا دعویٰ ہے کہ وہ اب تک کی سب سے کم عمر کمرشل ایئر لائن کیپٹن ہیں۔ گذشتہ برس ہی کمپنی نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ خواتین پائلٹس کی تعداد بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے۔کیٹ میک ولیمز نے 13 برس کی عمر میں ایئر کیڈیٹس کے طور پر ہوائی جہاز اڑانا شروع کیا تھا۔ انھوں نے خبر رساں ایجنسی سے بات چیت میں یہ بات تسلیم کی کہ انھیں ایسا نہیں لگتا تھا کہ وہ کبھی کمرشل پائلٹ بن پائیں گی۔ لیکن پھر ساؤتھ ہیمنٹن میں پائلٹ کی تربیت لینے کے بعد انھوں نے مئی 2011 میں ایزی جیٹ کمپنی میں فرسٹ افسر (معاون پائلٹ) کی ملازمت شروع کی۔حال ہی میں انھیں کیپٹن کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ذاتی طور پر میرے لیے میری عمر کوئی معنی نہیں رکھتی۔ میں نے وہی ٹریننگ لی ہے اور کورس پاس کیا ہے جو دوسرے کیپٹن کرتے ہیں تو میں نے کم عمری کے باوجود اپنی لیاقت کو ثابت کیا ہے۔