سعودی عرب کی تیونس کو 83 کروڑ ڈالر کی مالی امداد

ریاض ۔ 16 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) تیونسی وزیراعظم یوسف شاہد نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے ان کے ملک کو 83 کروڑ ڈالر کی مالی امداد دی ہے۔تیونسی وزیراعظم نے قبل ازیں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی تھی۔اس کے بعد ایک بیان میں انھوں نے سعودی عرب کی جانب سے تیونس کو مالی امداد ملنے کی اطلاع دی۔وہ ہفتے کی شام سعودی عرب کا سرکاری دورہ مکمل کرکے الریاض سے وطن روانہ ہوگئے ہیں۔شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اعلیٰ سعودی حکام نے انھیں الوداع کیا۔

’آپ جیسی قوم کے ہوتے ہوئے کوئی پریشانی نہیں‘:ولیعہد
ریاض ۔ 16 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ’فارمولا ای الدرعیہ‘ مقابلے کے موقع پر ایک نوجوان کے سوال کے جواب میں کہا کہ ’’آپ جیسی قوم کے ہوتے ہوئے ملک کو کسی پریشانی کی ضرورت نہیں ہے‘‘۔’العربیہ‘ کے مطابق فارمولا ای الدرعیہ کے مقابلے کے موقع پرجاری کی گئی ایک فوٹیج میں ایک نوجوان کو شہزادہ سلمان سے بات کرتے اور ان سے استفسار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ ’فارمولا ای الدرعیہ‘ مقابلہ گذشتہ روز الریاض میں شروع ہوا جس میں ولی عہد محمد بن سلمان، امارات کے ولیعہد اور کئی دوسرے سرکردہ رہنما بھی موجود تھے۔سعودی عرب کی جنرل سپورٹس اتھارٹی کے زیراہتمام الیکٹرک کاروں کا یہ مقابلہ 13 سے 15 دسمبر کے دوران ہوا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقابلے میں دنیا بھر سے سیکڑوں افراد نے حصہ لیا جب کہ ہزاروں زائرین نے اس میں شرکت کرکے اس کی بھرپور پذیرائی کی۔