اوڈیشہ میں بجلی گرنے سے 29 ہلاک

بھوبنیشور ، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اوڈیشہ کے مختلف حصوں میں آج بجلی گرنے کے واقعات میں کم از کم 29 افراد ہلاک ہوگئے، پولیس نے یہ بات کہی۔ انھوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ آٹھ اموات کی ضلع بھدرک سے اطلاع ملی جبکہ ضلع بالاسور میں سات، کھورڈا میں پانچ، میوربھنج میں تین، جاجپور میں بھی تین اموات پیش آئیں۔ نیز کیندراپاڑہ، کیونجھار اور نیاگڑھ میں ایک، ایک موت ہوئی۔ چیف منسٹر نوین پٹنائک نے جانی نقصان پر رنج و غم ظاہر کیا۔ اُن کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ چیف منسٹر نے اسپیشل ریلیف کمشنر کو ہدایت دی کہ غمزدہ خاندانوں کو ریلیف کوڈ کی مطابقت میں فوری اعانت فراہم کریں۔