انگلینڈ ٹوئنٹی 20 کے فائنل میں داخل

نئی دہلی ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ آج ورلڈ ٹوئنٹی 20 فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔ نیوزی لینڈ کو ٹورنمنٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور انگلینڈ نے کامیابی کیلئے درکار نشانہ اس وقت پورا کرلیا جبکہ ابھی 7 وکٹس اور 17گیندیں باقی تھے۔ جے جے رائے کی 44 گیندوں کو 78 رنز کی شاندار اننگز کے ذریعہ انگلینڈ نے کامیابی کی بنیاد رکھی۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے 20 اوورس میں 153/8 رنز بنائے تھے جن میں مونرو کے 46 اور ولیمسن 32 شامل ہیں۔ جواب میں انگلینڈ نے تیز رفتار شروعات کی اور میان آف دی میچ جیسن رائے نے 26 گیندوں میں انگلینڈ ٹوئنٹی 20 کی تاریخ کی دوسری تیز رفتار نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے جہاں 78 رنز بنائے وہیں جے سی بٹلر 32 اور جے ای روٹ 27 پر ناٹ آوٹ رہے۔ انگلینڈ نے 17.1 اوورس میں 159/3 رنز بنالئے۔ انگلینڈ کا مقابلہ اتوار کو کولکتہ میں کل دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا جو ممبئی میں ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلا جارہا ہے۔ نیوزی لینڈ نے ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں ابتداء سے شاندار مظاہرہ کیا لیکن سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد اسے شکست اٹھانی پڑی۔ انگلینڈ کے بی اے اسٹروکس نے 26 رنز کے عوض 3 وکٹس دیئے جبکہ نیوزی لینڈ کے سودھی نے 42 رنز دیکر 2 وکٹس حاصل کئے۔