انقرہ میں ٹرین حادثہ، 9ہلاک

انقرہ ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ایک انتہائی تیز رفتار ٹرین نے نہ صرف ایک ریلوے انجن کو زوردار ٹکر دیدی بلکہ ایک ریلوے اسٹیشن کے اس حصہ میں گھس گئی جہاں پیدل چلنے والے مسافرین کی بھیڑ ہوتی ہے۔ اس حادثہ میں 9افراد ہلاک اور دیگر 86 زخمی ہوگئے۔ مقامی وقت کے مطابق یہ حادثہ صبح 6:30 بجے رونما ہوا جس میں ٹرین کے دو ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ مسافرین کی جانب سے استعمال ہونے والا اوور پاس بھی ٹرین پر گر گیا۔ ابتدائی خبروں کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد چار بتائی گئی تھی تاہم بعدازاں مہلوکین کی تعداد 9 ہوگئی۔ ٹیلیویژن فوٹیج میں بچاؤ اور راحت کاری عملہ کو زخمی مسافرین کو ہاسپٹل منتقل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔