انسان سے زیادہ گائے کی موت کو اہمیت دی جارہی ہے : اداکار نصیر الدین شاہ 

نئی دہلی : معرو ف اداکار نصیر الدین شاہ نے مودی حکومت کو سچ کاآئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ ملک کا ماحول کافی زہریلا ہوچکا ہے ۔یہاں انسان سے زیادہ گائے کو اہمیت دی جارہی ہے جس سے کافی فکر مند ہوں ۔ نصیر الدین شاہ کے اس بیان سے قومی سیاست میں ایک مرتبہ پھر ملک کے موجودہ ماحول کو لے کر ہلچل تیز ہوگئی ہے ۔
واضح رہے کہ نصیر الدین شاہ کا ایک ویڈیو کاروان محبت کے عنوان سے یوٹیوب پر ۱۷؍دسمبر کواپلوڈ کیاگیا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ اس ویڈیو میں نصیر الدین شاہ ملک کے موجودہ حالات پر تبصرہ کررہے تھے۔ انہوں نے اپنے اس ویڈیو میں بلند شہر میں بھیڑ کے ذریعہ بندوق کی گولی سے مارے گئے انسپکٹر سبودھ سنگھ کا ذکر کیا ہے اور گائے کے نام پر ہونے والی گرفتاریوں پر طنز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں ہم نے دیکھا ہے کہ ایک پولیس انسپکٹر کی موت سے زیادہ ایک گائے کو اہمیت دی جارہی ہے ۔
اور ایسے ماحول میں مجھے اپنی اولادوں کے بارے میں کافی فکر ہورہی ہے۔ شاہ نے کہا کہ ملک کے حالات میں کافی زہر پھیل چکا ہے اس کو واپس بوتل میں بند کرنا مشکل ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو قانون ہاتھ میں لینے کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا جو ماحول ہے اس میں مجھے اپنے بچوں کی فکر ہورہی ہے کیونکہ میں نے اپنے بچوں کو مذہب کی تعلیم نہیں دی بلکہ ہم نے انہیں اچھائی اور برائی کے بارے میں سکھایا ہے اور میرا خیال ہے کہ اچھائی او ربرائی کا مذہب سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔