اندرا گاندھی کی برسی سے وزیر اعظم کی بے اعتنائی ،کانگریس کی تنقید

]نئی دہلی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج ملک کی سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی برسی سے وزیراعظم نریندر مودی کی بے اعتنائی کو ’’حقیر ذہنیت اور افسوسناک ‘‘قرار دیا جبکہ برسر اقتدار بی جے پی نے اظہار حیرت کیا کہ کیا کانگریس نہرو۔ گاندھی خاندان کے تناظر میں تاریخ کے مطالعہ کو ترجیح دیتی ہے ۔ ڈپٹی لیڈر اپوزیشن راجیہ سبھا آنند شرما اخباری نمائندوں سے کہا کہ یہ حقیر ذہنیت ہے ۔ یہ جانبدارانہ اور عدم احترام کی عکاسی کرتی ہے حالانکہ جن لوگوں نے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کی خاص طور پر اندرا گاندھی جنہوں نے ملک کے اتحاد کیلئے اپنی جان دی ہے ان سے بے اعتنائی برتی جارہی ہے ۔ مرکزی حکومت نے آج سردار پٹیل کی یوم پیدائش تقریب منائی جو سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی برسی سے ہم آہنگ ہے ۔ مودی نے آج صبح ’’اتحاد کیلئے دوڑ کو قومی یوم اتحاد کے طور پر مناتے ہوئے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ سابق کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت اندرا گاندھی کی برسی کی ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر تشہیر کیا کرتی تھی اس کے برعکس نئی حکومت نے سردار پٹیل کی یوم پیدائش تقریب کو ترجیح دی۔ آنند شرما نے کہا کہ یہ عجیب اتفاق ہے کہ مودی ’’اتحاد کے لئے دوڑ ‘‘کو جھنڈی دکھا کر روانہ کررہے ہیں لیکن انہوں نے اپنے دور کے عظیم ترین قائدین میں سے ایک کی عظیم ترین قربانی کا تذکرہ تک نہیں کیا۔بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹیل کانگریس کے آدمی تھے اور اپنے دور کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ تھے جنہوں نے آر ایس ایس پر امتناع عائد کیا تھا جو برسر اقتدار پارٹی کی نظریاتی سرپرست ہے ۔ کانگریس قائدین کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کسی بھی قائد کی اہمیت کو کم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ سردار پٹیل تمام کیلئے ایک مثالی نمونہ ہے ۔ بی جے پی کے ترجمان نلن کوہلی نے کہا کہ مودی نے اندرا گاندھی کو یاد رکھا ہے اور ان کی برسی کے موقع پر ٹوئٹر پر ایک پیغام تحریر کیا ہے ۔ انہوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ کانگریس مسلسل طور پر ایسے مسائل کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے اس سے خود اس کے بارے میں اعتراضات پیدا ہوتے ہیں۔ کیا وہ اتحاد کے مخالف ہیں۔ کیا وہ تاریخ کو نہرو ۔ گاندھی خاندان کے تناظر میں دیکھنا چاہتے ہیں۔کانگریس قائد منیش تیواری نے کہا کہ یہ ہر حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اندرا گاندھی کی قربانی کا احترام کرے اور اگر کسی وجہ سے وہ ایسا نہیں کرسکتی تو اسے کم از کم اپنے فرائض سے انحراف نہیں کرنا چاہئے ۔