انتخابات کا سامنا کرنے کانگریس کی تیاریوں میں تیزی

اتم کمار ریڈی سے دہلی میں اشوک گہلوٹ کی بات چیت ۔ مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کا امکان
حیدرآباد۔ 30 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے درمیان کانگریس ہائی کمان نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کو دہلی طلب کرلیا۔ صبح دہلی روانہ ہونے والے اتم کمار ریڈی ، اے آئی سی سی کے جنرل سیکریٹری اشوک گیہلوٹ سے ملاقات کرنے کے بعد شام میں حیدرآباد واپس ہوگئے۔ دہلی میں ہوئی بات چیت کے بعد انتخابی مہم کمیٹی کیلئے ریونت ریڈی اور ملوبٹی وکرامارک کا نام زیرغور ہے جبکہ انتخابی منشور کمیٹی کیلئے سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا کو صدرنشین بنانے کا قوی امکان ہے۔ اس کے علاوہ پونم پربھاکر اور بلرام نائیک کے نام تلنگانہ ورکنگ کمیٹی صدر کیلئے زیرغور ہیں۔ مزید دوسری کمیٹیوں کو بھی تشکیل دینے کا امکان ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں کامیابی حاصل کرنے کے مقصد سے انتخابی مہم میں اُتر رہی ہے اور اس کے لئے پارٹی کو ہر طرح سے تیار رکھنے کی منصوبہ بندی پر کام کیا جارہا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے مختلف کمیٹیوں کیلئے پہلے ہی پارٹی ہائی کمان کو قائدین کے ناموں کی سفارش کردی تھی تاہم اس کو قطعیت دینے سے قبل اے آئی سی سی کے جنرل سیکریٹری اشوک گیہلوٹ نے آج پھر ایک بار اتم کمار ریڈی کو دہلی طلب کیا۔ تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کمیٹیوں کیلئے ناموں کو قطعیت دینے کا جائزہ لیا۔ انتخابی مہم اور منشور کمیٹی میں ڈی کے ارونا اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو کنوینر کی حیثیت سے نامزد کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا گیا ہے۔ پارٹی کے تنظیمی عہدوں میں بی سی اور ایس ٹی طبقات کو اہمیت دینے کیلئے ملوبٹی وکرامارک کے علاوہ سابق ارکان پارلیمنٹ پونم پربھاکر اور بلرام نائیک کو ورکنگ پریسیڈنٹ بنانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے ساتھ دوسری کمیٹیوں کی تشکیل پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ 37 تا 40 رکنی کوآرڈینیشن کمیٹی کے تمام ناموں کو بھی قطعیت دے دی گئی ہے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی کی منظوری کے بعد عنقریب ان کمیٹیوں کا سرکاری طور پر اعلان کیا جائے گا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے اس مرتبہ چند اسمبلی و پارلیمانی حلقوں کیلئے پہلے ہی پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنے کی بھی پارٹی ہائی کمان کو تجویز پیش کی ہے۔