امیت شاہ نئے وزیر داخلہ ‘ ایس جئے شنکر کو وزارت خارجہ کی ذمہ داری

راج ناتھ سنگھ کو دفاع کا قلمدان ۔ نرملا سیتارامن وزیر فینانس ہونگی ۔ اسمرتی ایرانی کو بہبودی خواتین و اطفال کا بھی قلمدان
نئی دہلی 31 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ اب ملک کے نئے وزیر داخلہ ہونگے جبکہ سابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ سابق وزیر دفاع نرملا سیتارامن کو ملک کی وزیر فینانس اور کارپوریٹ امور مقرر کیا گیا ہے ۔ سیتارامن ملک کی پہلی خاتون وزیر فینانس ہونگی ۔ سابق معتمد خارجہ ایس جئے شنکر کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ نریندرمودی حکومت کی وزارت کے ارکان میں قلمدانوں کی تقسیم کا آج اعلان کیا گیا ۔ چار اہم وزارتوں میں تبدیلیاں ہوئی ہیں اور جو مابقی قلمدان رہے ہیں وہ تقریبا سابق وزرا کے پاس ہی برقرار رکھے گئے ہیں۔ اسمرتی ایرانی کو بہبودی خواتین و اطفال کا قلمدان بھی سونپا گیا ہے جبکہ وہ سابقہ ٹیکسٹائیل کا قلمدان برقرار رکھیں گی ۔ روی شنکر پرساد ‘ دھرمیندر پردھان اور پیوش گوئل حسب سابق قانون ‘ پٹرولیم اور ریلوے کی وزارتیں سنبھالیں گے ۔ سابقہ حکومت میں منسٹر آف اسٹیٹ رہنے والے گجیندر سنگھ شیخاوت کو اس بات کابینی درجہ دیا گیا ہے اور وہ جل شکتی کے وزیر ہونگے ۔ یہ نئی وزارت تشکیل دی گئی ہے ۔ اس وزارت کی تشکیل کا وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی کے منشور میں وعدہ کیا تھا ۔ وزارت زراعت کی ذمہ داری نریندر سنگھ تومر کو سونپی گئی ہے ۔ وہ دیہی ترقیات اور پنچایتی راج کا اضافی قلمدان بھی سنبھالیں گے ۔ رمیش پوکھریال نشانک کو فروغ انسانی وسائل کا قلمدان دیا گیا ہے جبکہ پرکاش جاوڈیکر کو ماحولیات اور جنگلات کا وزیر بنایا گیا ہے ۔ نتن گڈکری حسب روایت وزیر ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز ہونگے جبکہ سدانند گوڑا کو وزیر کمیکلس و فرٹیلائزر بنایا گیا ہے ۔ رام ولاس پاسوان ( لوک جن شکتی پارٹی ) کو سابق کی طرح امور صارفین اور تغذیہ کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ ہرسمرٹ کور بادل وزیر فوڈ پروسسنگ انڈسٹری ہونگی جبکہ تھاور چند گہلوٹ کو وزیر سماجی انصاف و امپاورمنٹ بنایا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر ایس جئے شنکر کو جو سابق معتمد دفاع تھے وزارت خارجہ کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ جئے شنکر پہلے بیوروکریٹ ہونگے جنہیں وزارت میں یہ اہم قلمدان دیا گیا ہے ۔ ارجن منڈا کو وزیر قبائلی امور بنایا گیا ہے ۔ ڈاکٹر ہرش وردھن کو وزیر صحت و خاندانی بہبود بنایا گیا ہے اور وہ سائنس و ٹکنالوجی کی ذمہ داری بھی سنبھالیں گے ۔ مختار عباس نقوی کو حسب سابق اقلیتی امور کا قلمدان سونپا گیا ہے جبکہ دھرمیندر پردھان پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر ہونگے ۔ پرہلاد جوشی کو وزیر پارلیمانی امور بنایا گیا ہے اور انہیں کوئلہ اور کانکنی کی اضافی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے ۔ سنتوش کمار گنگوار محنت و روزگار کے منسٹر آف اسٹیٹ آزادانہ چارچ ہونگے جبکہ راو اندر جیت سنگھ کو بھی منسٹر آف اسٹیٹ ( آزادانہ چارچ ) اعداد و شمار و پلاننگ بنایا گیا ہے ۔ جنرل ( ریٹائرڈ ) وی کے سنگھ کو منسٹر آف اسٹیٹ وزارت ٹرانسپورٹ و ہائی ویز بنایا گیا ہے ۔ جی کشن ریڈی کو منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ رام داس اٹھاولے کو منسٹر آف اسٹیٹ سماجی انصاف و امپاورمنٹ بنایا گیا ہے جبکہ بنگال کے بابل سپریو کو منسٹر آف اسٹیٹ وزارت ماحولیات و جنگلات بنایا گیا ہے ۔ سادھوی نرنجن جیوتی منسٹر آف اسٹیٹ دیہی ترقیات ہونگی ۔ انوراگ ٹھاکر کو منسٹر آف اسٹیٹ فینانس اور کارپوریٹ امور کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔