امریکی کوارٹر ہارس: طاقت اور تیز رفتاری میں بے مثال

بچو ! گھوڑا Horse سے تو آپ سب ہی واقف ہیں کہ یہ سواری کے علاوہ بھی بڑے کام کا جانور ہے اور اس کی بے شمار قسمیں ہیں ۔ گھوڑے کیلئے قدیم یونانی لفظ ہپوز تھا ۔ گھوڑوں میں سب سے مشہور اور اچھا گھوڑا امریکن کوارٹر ہارس سمجھا جاتا ہے ۔ اس کی افزائش نسل اٹھارہویں صدی کے آخر میں ورجنیا میں ہوئی ۔ یہ دنیا کے تیز ترین گھوڑوں میں شمار ہوتا ہے ۔ اپنی دوڑ کے شروع ہی میں یہ بیس سکینڈ میں 1/4 میل کا فاصلہ طئے کرلیتے ہیں ۔ اس نسل کے دیوقامت گھوڑے شائر کہلاتے ہیں ۔
شائر گھوڑوں کا قد بہت بڑا ہوتا ہے اور وزن ایک ٹن تک ہوتا ہے ۔ کوارٹر ہارس بھی اپنی طاقت اور قدوقامت کے لحاظ سے گھوڑوں کی اہم نسل میں شمار ہوتے ہیں ۔ ان گھوڑوں کا انسانوں کے ساتھ ہمیشہ گہرا تعلق رہا ہے ۔ انہیں پھرتی اور تیز رفتاری کی وجہ سے مال برداری وغیرہ کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔ گھوڑے زیادہ تر گھاس کھاتے ہیں ۔ ماہرین ان کے دانتوں کی ٹوٹ پھوٹ سے ان کی عمر کا اندازہ لگاتے ہیں ۔ جنگل میں گھوڑے عموماً ایک ریوڑ کی شکل میں رہتے ہیں اور ان کی رہنمائی وہ گھوڑا کرتا ہے جو ان میں زیادہ طاقتور اور بڑی جسامت کا ہوتا ہے ۔گھوڑوں کی ایک عجیب خوبی ہے کہ یہ کھڑے کھڑے سو سکتے ہیں ۔ گھوڑا ، سواری ہی کے کام نہیں آتا اسے مختلف کرتب بھی سکھاکر سدھایا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ گھڑ دوڑ کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے ۔ گھوڑے کی دم کے بال موسیقی کے آلات میں بھی استعمال کئے جاتے ہیں ۔ مثلاً وائلن سیول میں گھوڑے کی دم کے بال لگائے جاتے ہیں ۔ گھوڑوں کی عمر عام طور پر بیس سے تیس سال کے درمیان ہوتی ہے ۔ اچھی نسل کے گھوڑے یعنی کوارٹر ہارس کی مانگ دنیا بھر میں ہے اور ورجینیا وہ واحد ملک ہے جہاں اس گھوڑے کی افزائش نسل پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور اس کو دوسرے ملکوں کیلئے برآمد بھی کیا جاتا ہے ۔