امریکہ نے مجھے صحافت اور عقیدہ کی وجہ سے گرفتار کیا ہے : ایرانی صحافی مرضیہ ہاشمی 

تہران : پریس ٹی وی کی خاتون اینکر پرسن مرضیہ ہاشمی نے کہا کہ انہیں امریکہ میں ان کے عقیدہ کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ ایران کی پریس ٹی وی کی خاتون اینکر پرسن مرضیہ ہاشمی نے جنہیں امریکہ نے ۱۱؍ دن قید رکھنے کے بعد انہیں جمعہ کو رہا کردیا ۔ بعد ازاں ہاشمی نے صحافیو ں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی گرفتاری کی وجہ صحافت او ر ان کا عقیدہ ہے ۔

مرضیہ نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ کے امریکی صدر کی جانب سے دوبارہ امریکہ کو عظیم بنانے کے نعرہ کا کیا مطلب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاں اگر ان کا مطلب ہر روز انسانی حقوق کی زیادہ سے زیادہ پامالی اور عوا م کے بنیادی حقوق کو سلب کرنا ہے تو یہ میرے خیال میں امریکہ کے باعظمت ہونے کے بالکل خلاف ہے ۔ مرضیہ ہاشمی نے کہا کہ حقائق کا اظہار کرنا میرا ایمان ہے۔ او رمظلوموں کی داد رسی اس وقت ہوسکتی ہے جب بڑی طاقتوں کی پالسییوں میں دوغلا پن کا عنصر نہ ہو ۔ جیل سے رہائی کے بعد ہاشمی نے دنیا کے تمام لوگوں کو شکریہ ادا کیا ۔ واضح رہے کہ امریکہ کی فیڈرل پولیس ایف بی آئی نے پریس ٹی وی کی اینکر اور معروف صحافیہ مرضیہ ہاشمی کو ۱۳؍ جنوری کو امریکی ایئر پورٹ سے بغیر کسی الزام کے گرفتارکرلیا تھا ۔

اس گرفتاری کے بعد ساری دنیا میں احتجاج کیاگیا جس کی وجہ سے انہیں گیارہ روز کے اندر ہی رہا کردیاگیا۔