امریکہ میں چھ کروڑ افراد غریبی کی سطح سے نیچے زندگی گذار رہے ہیں : اقوام متحدہ

وشنگٹن : اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں ۴؍ کروڑ افراد غریب اورایک کروڑ ۸۵؍ لاکھ انتہائی غریب ہیں ۔اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ فلپ آلسٹن نے اپنی رپورٹ میں امریکہ کو ترقی یافتہ دنیا کا سب سے غیر مساوی معاشرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی پالیسیاں صرف امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہے ۔

جب کہ ملک میں غریبوں کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں ۔انھوں نے رپورٹ میں مزید کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ غریبوں کی مشکلات میں یہ کہہ کر اضافہ کررہی ہے کہ وہ مزدوری کے قابل ہیں لہذا حکومت کی جانب سے ملنے والی اسکیموں سے انہیں کم استفادہ کیا جانا چاہئے ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کا یہ تاثر دینا کہ سرکاری ویلفیئر سے مستفید ہونے والے سست او رکاہل ہوتے ہیں او رکچھ کا م نہیں کرتے ہیں ، حقائق کے منافی ہے ۔اس رپورٹ میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ ٹرمپ حکومت کے دعوؤں کے برعکس امریکہ میں سرکاری ویلفئر نظام سے فائدہ اٹھانے والے صرف ۷؍ فیصد افراد ایسے ہیں جو کوئی کام نہیں کرتے ہیں ۔

امریکہ میں معاشی حالات کی رپورٹ جمعہ کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی جائے گی جس کی رکنیت امریکہ نے احتجاجا چھوڑنے کا اعلان کیا ہے ۔