امریکہ میں سیلاب سے 28 افراد ہلاک ، 11 لاپتہ

ڈلاس(امریکہ ) ۔30مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی حکام نے آج ٹیکساس میں سیلاب سے متاثرہ علاقہ میں مزید چار نعشیں برآمد کی ہیں۔ یہاں سیلاب نے بڑے پیمانہ پر تباہی مچائی اور شاہراہیں و مکانات زیر آب ہوگئے ۔ ملک بھر میں مرنے والوں کی تعداد 28 ہوچکی ہے جن میں 24 مہلوکین ٹیکساس کے ہیں اور تقریباً 11ہنوز لاپتہ ہیں۔ کل رات سے 17.8 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے ساتھ گرج چمک کا سلسلہ بھی جاری رہا اور سارا ڈلاس علاقہ عملاً اس کی زد میں آچکا ہے ۔یہاں مجموعی طورپر جاریہ ماہ سب سے زیادہ 40.8 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اس سیلاب نے ایک ایسی ریاست کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جو سنگین خشک سالی سے دوچار تھا ۔ اب صورتحال یہ ہے کہ ندیوں اور نہروں میں فوری طورپر پانی معمول کی سطح پر آنے کا امکان نہیں ہے ۔ ماہر موسمیات ڈینس کین نے کہا کہ کئی علاقوں میں بارش ہوئی ہے اور ہم نے اب تک کے سب سے زیادہ بارش والے سال کی حد کو بھی پار کرلیا ہے ۔ اس دوران کئی والینٹرس کو وسطی ٹیکساس میں واقع بلانکو ندی کے کیچڑ سے بھرے کناروں پر لاپتہ افراد کی نعشیں تلاش کرتے دیکھا گیا ۔ ایک درخت کی شاخ پر کھلونہ دستیاب ہوا جس سے یہ شبہات پیدا ہورہے ہیں کہ لاپتہ ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں ۔ کل ڈلاس کا علاقہ سیلاب کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر رہا ۔ آتش فرو عملہ نے ایک شخص کی نعش مضافاتی علاقہ سے برآمد کی جب اس کی ٹرک پانی کی زد میں آکر بہہ گئی تھی ۔ ڈرائیور بھی اس میں غرقاب ہوگیا۔ ہوسٹن علاقہ میں حکام نے دو افراد کی نعشیں برآمد کی ہیں ۔ ایک 87 سالہ جیک آلٹر اس وقت پانی میں بہہ گیا جب اسے بچانے کی کوشش کے دوران کشتی اُلٹ گئی ۔ گزشتہ ہفتہ سیلاب کے باعث شمالی میکسیکو میں 14 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔