امریکہ میں اخبار کے دفتر میں فائرنگ، 5 ہلاک

ہتک عزت کے مقدمہ میں ہارپر چراغ پا، سفید فام بندوق بردار گرفتار
واشنگٹن ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں میڈیا پر کئے جانے والے ایک انتہائی مہلک حملے میں میری لینڈ کے ایک اخبار سے طویل عرصہ سے بغض و نفرت رکھنے والے ایک سفید فام بندوق بردارنے نیوز روم میں گھس کر اندھادھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجہ میں کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ حملہ آورکی شناخت 38 سالہ جاروڈ وارن راموس کی حیثیت سے کی گئی ہے، جس کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے پوچھ گچھ کا آغاز کردیا ہے۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن سے 50 کیلو میٹر دور واقع شہر انا پولیس کے اخبار کیپٹل گزٹ کے دفتر میں شوٹنگ کا یہ واقعہ پیش آیا جو امریکہ میں میڈیا پر انتہائی مہلک حملوں میں سے ایک سمجھا جارہا ہے۔ پولیس نے اس کو منصوبہ بند انداز میں نشانہ بناتے ہوئے کیا جانے والا قرار دیا ہے۔ این ارونڈیل کاؤنٹی کے نائب پولیس سربراہ ولیئم کیمپف نے ایک پریس کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کیپٹن گزٹ پر یہ نشانہ بناتے ہوئے کیا جانے والا حملہ تھا۔ (حملہ آور) شخص آج یہاں آنے کی تیاری کرچکا ہے۔ لوگوں کو شوٹ کرنے کیلئے وہ تیار تھا۔ اس کا ارادہ نقصان پہنچانا تھا‘‘۔ پولیس نے کہا کہ اس شوٹنگ میں ہلاک پانچ افراد میں اسسٹنٹ ایڈیٹر راب ہیاسین، ادارتی صفحہ کے ایڈیٹر جیرالڈ نشمین، ایڈیٹر و رپورٹر جان مک نمارا، خصوصی اشاعت مدیہ وینڈی ونٹرس اور سیلس اسسٹنٹ ریبیکا اسمتھ شامل ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 2011ء کے دوران کیپٹل گزٹ میں شائع شدہ ایک کالم پر راموس نے اپنے خلاف اہانت کا استدلال پیش کرتے ہوئے عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا تاہم وہ مقدمہ ہار گیا تھا۔