امریکہ مردہ بار سے امریکی عوام نہیں بلکہ امریکی صدر ٹرمپ ہیں : آیت اللہ خامنہ ای کی وضاحت 

تہران : ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے روایتی نعرہ ’’ مرگ بر امریکہ ‘‘ یعنی امریکہ مردہ باد ‘‘ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نعرہ امریکی عوام کے بجائے امریکی حکمرانوں کے لئے ہے ۔

آیت اللہ خامنہ ای نے یوروپ کو بھی ناقابل بھروسہ قرار دیا ۔ ایران میں اسلامی انقلاب کے چالیس برس پورے ہونے کے موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر خامنہ ای نے کہا کہ اس روایتی نعرہ میں وہ امریکی حکمرانوں سے مخاطب ہیں نہ کہ امریکی عوام ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ برائی کی دوسری شکل ہے مگر وہ شکایت کرتے ہیں کہ امریکہ کے خلاف نعرہ بازی کیوں کی جاتی ہے۔ آیت اللہ نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب تک امریکہ اپنی بد معاشی جاری رکھے گا تب تک ایرانی عوام امریکہ مردہ باد کے نعرہ لگاتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایک شرارتی ملک ہے اس کی ایک اعلیٰ مثال یمن ہے ۔ سعودی عرب جرم کرتا ہے اور امریکہ اس جرم میں اس کا ساتھ دیتا ہے ۔

واضح رہے کہ ایران میں ۱۱؍ فروری ۱۹۷۹ء کو آیت اللہ روح اللہ خمینی نے عوامی طاقت سے امریکی حمایت یافتہ شاہ رضا پہلوی کی بادشاہت کا خاتمہ کیا تھا ۔ اسی لئے ہر سال ۱۱؍ فروری کو ایران میں خوشی کے تہوار منائے جاتے ہیں ۔