امریکہ ، پاکستان کو واجب الادا رقم روک رہا ہے : محمود قریشی

اسلام آباد۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’’امریکہ کی جانب سے جو رقم روکنے کا اعلان کیا گیا ہے، وہ امداد نہیں بلکہ پاکستان کو واجب الادا رقم ہے‘‘۔ ہفتہ کو امریکی فوج نے پاکستان کو 30 کروڑ امریکی ڈالر کی امداد منسوخ کردینے کا فیصلہ کیا تھا ، اس پر وزیر خارجہ پاکستان نے کہا کہ امریکی سکیورٹی امداد ، موجودہ حکومت کے قیام سے پہلے ہی سے بند ہے۔ 300 ملین ڈالرس کی جو بات ہورہی ہے ، وہ نہ تو امداد ہے اور نہ ہی معاونت ۔ یہ وہ پیسہ ہے جو پاکستان نے ازخود دہشت گردی یا دہشت گردوں کے خلاف خرچ کیا ہے۔ یہ پیسہ ادا کرنے سے امریکہ بہانے بنا رہا ہے۔ اُصولاً امریکہ کو یہ رقم ادا کرنی چاہئے۔ اس معاملے میں امریکہ سے بات کریں گے، کیونکہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا ساتھ دیا ہے اور اسی کیلئے رقم خرچ کی ہے۔