امتحان کی تیاری

پیارے بچو!امتحانات کی تیاری کیلئے سب سے پہلے ایک ٹائم ٹیبل بنایاجائے تاکہ وقت کا بہتر استعمال ہوسکے اور پڑھائی کے ساتھ ساتھ آرام کا موقع بھی ملے۔    سال بھر باقاعدگی سے مطالعہ کرنا اور ہر مضمون کو مناسب وقت دینا امتحان میں کامیابی کیلئے بے حد ضروری ہے ۔ یہ اسی وقت ممکن ہے جب اسکول اور کالج کے ساتھ ساتھ گھر میں بھی پڑھاجائے ۔ ہوم ورک باقاعدگی کے ساتھ کیا جائے ۔ جو کام سونپا گیا ہو اسے لازماً مکمل کیا جائے ۔ انفرادی طور پر پڑھنا سب سے ضروری ہے۔

اسکول میں پڑھائے گئے اسباق کو گھر پر بھی روز پڑھیں  ورنہ وہ ذہن سے حذف ہوجاتے ہیں ۔ ساتھ ساتھ اپنا امتحان بھی لیتے رہیں ۔سوالنامہ بنائیے اور اسے ایمانداری اور دل جمعی کے ساتھ پابندی وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کرنے کی کوشش کریں ۔اس سے آپ کو اپنی خامیوں کا اندازہ ہوگا ۔ ہر مضمون کے اہم سوالات کے جوابات بار بار لکھ کر ذہن نشین کرنے کی کوشش کریں ۔پھر کتاب کھول کر اس صفحہ کا اپنے لکھے ہوئے جواب سے موازنہ کریں ۔ تھوڑا لیکن اچھا مطالعہ ‘ روزکا روز پڑھنا اور موضوع کو سمجھ کر ذہن نشین کرناسب سے بہترہے ۔ کسی بات کو سوچے سمجھے بغیر اندھادھند رٹ لینے کا کوئی فائدہ نہیں ۔ پہلے اسے اچھی طرح سمجھیں جب آپ اسے اچھی طرح سمجھ لیں تو آپ کو وہ بات یاد رکھنے میں آسانی ہوگی ۔ اسی طرح فارمولوں ‘ تاریخوں ‘ تعریفوں وغیرہ کو تکرار کرکے اور بار بار لکھ لکھ کر یاد رکھنے کی کوشش کریں ۔ تیاری سے قبل یہ عزم کرلیں کہ آپ کو کامیاب ہونا ہے ۔ یہ سوچ کر جب آپ پڑھائی شروع کریں گے تو کامیابی آپ کے قدم ضرور چومے گی ۔