امانت اللہ خان دوسری مرتبہ دہلی وقف بورڈ کے چیر مین منتخب 

نئی دہلی : امانت اللہ خان کو دہلی وقف بورڈ کے تمام اراکین نے بورڈ کی پہلی میٹنگ میں چیر مین منتخب کرلیا ہے۔ امانت اللہ خان لگاتار دوسری مرتبہ بورڈ کے چیر مین بنے ہیں۔امانت اللہ خان کا نام میٹنگ میں بورڈ کی رکن رضیہ سلطانہ نے پیش کیا جس کی تائید نعیم فاطمہ کاظمی نے کی جس کے بعد دیگر اراکین نے اپنی رضا مندی کا اظہار کیا ۔ امیدہے کہ آج امانت اللہ خان اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

بار کونسل کے نومنتخب رکن او رمعروف وکیل حمال اختر کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں ہم سب لوگوں نے امانت اللہ خاں کی حمایت کی ہے اور چیر مین بننے پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔ حمال اختر نے مزید کہا کہ ہم سب مل کر بورڈ کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے او رایسا کام کریں گے جو اب تک نہیں ہوا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جہا ں ناجائز قبضہ جات ہیں انہیں ہٹایا جائے گا ۔ ائمہ حضرات کی تنخواہو ں میں اضافہ اور انہیں پنشن جاری کیا جائے گا ۔

ہم امید کرتے ہیں کہ بورڈ جو فیصلہ لے گا وہ اتفاق رائے سے ہی لے گا ۔ میٹنگ کے بعد آئی افسر امجد علی نے بورڈ کی توجہ مہرولی کی وقف املاک کی جانب مبذول کرواتے ہوئے بتایا کہ سب سے برا حال مہرولی میں ہی ہے جہاں وقف کی بیش بہا قیمتی املاک ہیں ۔ مہرولی میں آئے دن قبضے اور لوٹ گھسوٹ جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ا س پر بورڈ کو خاص توجہ دینی چاہئے ۔

بورڈ کی رکن رضیہ سلطانہ نے کہا کہ بورڈ کی املاک کا تحفظ یہ سب سے اہم مسئلہ ہے اس جانب خاص توجہ دی جانی چاہئے او راس کے علاوہ او رجو بھی مسائل ہیں انہیں دور کرنے کی پوری کوشش کرنی چاہئے ۔