امارات کے پہلے سربراہ شیخ زاید کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں

ابوظہبی۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سابق اور پہلے صدر شیخ زاید بن سلطان النہیان کی زندگی پر فلم بنائے جانے کی چہ مگوئیاں یوں تو کافی عرصے سے جاری تھیںتاہم اس حوالے سے تاحال تصدیق نہیں کی گئی تھی۔لیکن اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ یو اے ای کی ریاست ابو ظہبی کے سابق بادشاہ اور متحدہ عرب امارات کے سابق اور پہلے صدر شیخ زید کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔شوبز ویب سائٹ ’’ہالی ووڈ رپورٹر‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ شیخ زاید بن سلطان النہیان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی کہانی معروف فلم ’’گلیڈی ایئٹرز‘‘ کے لکھاری ڈیوڈ فرانزونی لکھیں گے۔ رپورٹ کے مطابق شیخ زاید کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کی ہدایات بالی ووڈ کے معروف فلم ساز شیکھر کپور دیں گے جو اس سے قبل بھی کچھ معروف انگریزی فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔اس فلم کی پروڈکشن بھی ہالی ووڈ اور یو اے ای سمیت ہندوستان کے پروڈکشن ہاؤسز مشترکہ طور پر کریں گے۔ فوری طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ شیخ زاید کی زندگی پر کب تک فلم سامنے آئے گی،

تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی زندگی پر فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع ہونے کا امکان ہے۔فلم کی پروڈکشن بھی ہالی ووڈ اور یو اے ای سمیت ہندوستان کے پروڈکشن ہاؤسیس مشترکہ طور پر کریں گے۔خیال رہے کہ شیخ زاید بن سلطان النہیان 1918 میں پیدا ہوئے اور 2004 میں 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔شیخ زاید کا تعلق ابو ظہبی سے تھا اور وہ ملک کے لگ بھگ 40 سال تک سربراہ رہے تھے۔شیخ زاید کو متحدہ عرب امارات کا بانی سمجھا جاتا ہے، انہوں نے ہی یو اے ای کی تمام ریاستوں کو متحد کیا اور وہ اس کے پہلے صدر بھی منتخب ہوئے۔شیخ زاید 1972 میں یو اے ای کے پہلے صدر منتخب ہوئے اور اپنے انتقال تک اس عہدہ پر براجمان رہے۔شیخ زاید کو یو اے ای اور ابو ظہبی کا روشن خیال حکمران سمجھا جاتا ہے، ان کے دور میں ہی متحدہ عرب امارات میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے کئی منصوبے شروع ہوئے اور مختلف ریاستوں نے تیل تلاش کرنے کے کام کو تیز کیا۔امکان ہے کہ فلم کو بیک وقت عربی، انگریزی اور ہندی زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا۔