اقل ترین آمدنی طمانیت اسکیم پر مرحلہ واری بنیاد پر عمل آوری

سابق گورنر آر بی آئی رگھو رام راجن کے بموجب اسکیم قابل عمل ہونے کا ادعا: چدمبرم
چینائی۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی کی اقل ترین آمدنی طمانیت اسکیم پر مرحلہ وار بنیاد پر عمل آوری کی جائے گی اور اس سے پانچ کروڑ خاندان مرحلہ وار انداز میں استفادہ کرسکیں گے۔ وہ چینائی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ سابق مرکزی وزیر فینانس نے کہا کہ کثیر تعداد میں ماہرین معاشیات نے اس موضوع کا مطالعہ کیا ہے اور ان سے مشاورت کی گئی۔ انہوں نے وسیع تر بنیاد پر متفقہ طور پر کہا کہ ہندوستان اس اسکیم کو نافذ کرنے کی قابلیت رکھتا ہے۔ سابق آر بی آئی گورنر رگھورام راجن نے کہا کہ اس اسکیم پر عمل آوری ممکن ہے۔ چدمبرم نے ان کے حوالے سے یہ اطلاعات دیتے ہوئے کہا کہ یہ جی ڈی پی کی 2 فیصد سے زیادہ رقم کی اسکیم نہیں ہے۔ درحقیقت یہ 1.8 فیصد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم مرحلہ وار انداز میں نافذ کی جائے گی۔ اور 5 کروڑ خاندانوں کا مرحلہ واری بنیاد پر احاطہ کیا جائے گا۔ کانگریس کے سینئر قائد نے کہا کہ اسکیم عملی اعتبار سے جانچنے کے لیے پیش کی جائے گی اور اس کے بعد اس پر عمل آوری کی جائے گی۔ ماہرین کی ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو اس پر عمل آوری، اس کی ساخت اور ہر مرحلہ پر اس کی نگرانکار رہے گی۔ ہم کمیٹی سے کوئی بھی اقدام کرنے سے پہلے مشاورت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 5 کروڑ خاندانوں کی شناخت کے لیے کافی معلومات حاصل کی جاچکی ہیں۔ ایم این آر ای جی اے اسکیم کے ختم کے 100 دن بعد اس اسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم این آر ای جی اے اسکیم کو ختم کردینے سے غربت ختم نہیں ہوئی۔ صرف کانگریس ہی اس کے لیے مورد الزام قرار نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے کئی اقدامات کیے ہیں تاکہ غربت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور ان میں سے کئی اقدامات میں پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ غربت کے خاتمہ کے لیے اقل ترین آمدنی اسکیم کی ضرورت ہوگی ورنہ غربت کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقل ترین اجرت قانون جس کے تحت اقل ترین اجرت کی طمانت دی جائے گی اور ہر خاندان جس کی آمدنی کم ہو اس سے استفادہ کرسکے گا۔