اقلیتی لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے لئے جنگی پیمانے پر کام کئے جارہے ہیں : مختار عباس نقوی

نئی دہلی : مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کہا کہ حکومت ۳۰۸؍ اضلاع میں اقلیتوں کی لڑکیو ں کی تعلیم سے متعلق بنیادی انفراسٹر کچر مہیا کرانے کیلئے جنگی پیمانے پر کام کررہی ہے ۔مسٹر نقوی نے کہا کہ پردھان منتری جن وکاس پروگرام کے تحت لڑکیو ں کو تعلیمی اعتبار سے بااختیار او رروزگار سے متعلق اسکل صلاحیت کوپہلی ترجیح دیتے ہوئے اسکول ، کالج ، پالی ٹیکنک ، ہاسٹل ، آئی ٹی آئی او راسکل ڈیولپمنٹ مراکز کا قیام ایسے علاقوں میں عمل میں لایا جارہا ہے جہاں آزادی کے بعد کسی طرح کی سہولت اب تک نہیں پہنچی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان آسانیو ں کی کمی کی وجہ سے اقلیتوں خاص طو ر سے مسلم سماج کی لڑکیو ں کی کمی میں تعلیمی فیصد بہت کم ہے ۔مودی حکومت نے گزشتہ چار سالوں میں ملک کے مختلف پسماندہ علاقوں میں ڈگری کالجوں ، اسکولس ، ہاسٹل ، آئی ٹی آئی ادارے ، پالی ٹکنک ، اورصحت کی اسکیمو ں کے تعلق سے کام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے کمزور ، پسماندہ ، اقلیتوں طبقوں خاص طور سے خواتین کی زندگی کی سطح میں معقول حد تک تبدیلی لانے میں مدد ملی ہے ۔

مسٹر نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے عزت کے ساتھ بااختیار اورجامع ترقی کے عزم کو اور مضبوطی سے آگے بڑھانے کامشن کامیابی کے ساتھ ہمکنار ہورہا ہے ۔