افغانستان میں امریکی فضائی حملے بشمول خواتین و بچے 23 ہلاک

کابل ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی تحقیقات کے مطابق رواں ہفتہ کے اوائل میں جنوبی افغانستان میں امریکہ کے ایک فضائی حملے کے نتیجہ میں بشمول خواتین و بچے 23 عام شہری ہلاک ہوگئے۔ غربت سے بدترین متاثرہ اس جنگ زدہ ملک میں عام افغان شہری 17 سال سے جاری تصادم میں مسلسل اس قسم کے مہلک حملوں کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔ افغانستان میں اقوام متحدہ سے اے ایف پی کو جمعرات کی رات دیر گئے موصولہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ ’’ابتدائی تحقیقات سے اشارہ ملتا ہیکہ مہلوکین و متاثرین کی اکثریت میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ حملے میں دیگر تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ شورش زدہ صوبہ ہلمند میں گذشتہ منگل کو امریکی مشیروں کیلئے کام کرنے والے افغان خصوصی فورسیس اور طالبان تخریب کاروں کے درمیان گھمسان لڑائی کے دوران یہ فضائی حملہ کیا گیا تھا۔ شمالی بحراوقیانوس کے ملکوں کی دفاعی تنظیم (ناٹو) نے کہا کہ سیکوریٹی فورسیس نے زمینی کارروائی کے دوران فضائی کمک کی درخواست کی تھی کیونکہ عسکریت پسندوں نے بھاری اسلحہ کے استعمال کے ذریعہ قریبی کمپاؤنڈر دوبارہ حملے کررہے تھے۔