اصلاحی اقدامات کیساتھ نئی شروعات کا وقت

سال نو پر صدر جمہوریہ ، نائب صدر اور وزیرا عظم کے پیامات
نئی دہلی 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی، نائب صدر حامد انصاری اور وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج سال نو کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب نئی شروعات کرنے اور طاقتور ، متحدہ اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر کیلئے نئے مقاصد طئے کرنے کا وقت آگیا ہے۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے اپنی حکومت اور کانگریس پارٹی کو درپیش مشکلات اور آزمائشی حالات کو عملاً پس پشت ڈالتے ہوئے سال نو کے موقع کا مؤثر استعمال کیا ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے اپنے پیام مبارکباد میں کہاکہ ’’خامیوں اور کوتاہیوں‘‘ کا جائزہ لیا جانا چاہئے۔

اب ایک ’’نئی شروعات‘‘ کا وقت آگیا ہے اور ’’اصلاحی اقدامات‘‘ کرنا چاہئے۔ ڈاکٹرسنگھ نے 2014 ء میں ہندوستانی قوم کیلئے امن، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ ایک نئی اُمید کا وقت ہے اور ان مقاصد کے حصول کیلئے پختہ عزم و اعتماد کے ساتھ ایک نئی شروعات کا وقت بھی آ پہنچا ہے ۔صدر جمہوریہ نے اپنے ہم وطنوں سے تمام طبقات کی ترقی اور فروغ کے اجتماعی مقصد کی سمت کام کرنے کی اپیل کی۔ نائب صدر انصاری نے کہا کہ نیا سال ہمارے درمیان امن ، ہم آہنگی اور پرامیدی کی بہاریں لائے۔ انہوں نے عوام سے طاقتور ، متحد اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر کیلئے کام کرنے کا عہد کرنے پر زور دیا۔