اسراف اور غیر اسلامی رسومات سے مسلم معاشرہ بری طرح متاثر

جہیز کا مطالبہ اور لین دین والی شادیوں کا بائیکاٹ کرنے کی ضرورت پر زور۔ دوبہ دو پروگرام سے اہم شخصیات کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 اکٹوبر ( دکن نیوز) جناب عابد صدیقی صدر میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم نے آج کہاکہ مسلم معاشرہ میں موجودہ خرابیاں اصل اسلامی احکامات سے دوری کا نتیجہ ہے ۔ خاص طور پر مسلم شادیوں کے سلسلے میں والدین کا انداز فکر اسلامی تعلیمات کے برعکس ہے ۔ اس صورتحال میں تبدیلی ناگزیر ہے تاکہ نکاح کو آسان بنایا جائے اور غیر اسلامی رسومات اور فرسودہ روایات سے مسلم خاندانوں کونجات دلائی جائے ۔ جناب عابد صدیقی آج ملاپ گارڈن فنکشن ہال رنگ روڈ ‘ مہدی پٹنم میں 67 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام کو مخاطب کر رہے تھے ۔ جس میںتقریباً 3000 والدین اور سرپرستوں نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہاکہ نکاح کو آسان بنانے کا مطلب دیندار اور سلیقہ شعار لڑکی کا انتخاب اور برسرروزگار شریف لڑکے کا انتخاب ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ لڑکے کے والدین کو چاہئے کہ وہ جہیز کی مانگ سے بالکلیہ طور پر گریز کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ مسلمان اپنی صفوں میںاتحاد پیدا کریں اور معاشرہ میں پھیلی برائیوں کو ختم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جناب زاہد علی خان کی قیادت اور رہنمائی میں دوبہ دو تحریک کے ذریعہ مسلمانوں کے انداز فکر اور طرز عمل میں مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں ۔ جناب محمد تاج الدین نے دوبہ دو ملاقات پروگرام کی صدارت کی ۔ جناب علیم خان سماجی جہد کار نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہیز اور لین دین  ایک طرح کی رشوت ہے ۔ مسلم شادیاں ایک سماجی مسئلہ ہی نہیں بلکہ ایک مذہبی مسئلہ ہے اور مسلمانوں کو ہی اسے حل کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ جہیز کے مطالبات اور غیر اسلامی شادیاں مسلم معاشرہ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہر با ضمیر اور ایماندار مسلمان کو چاہئے کہ وہ ایسی شادی کا بائیکاٹ کریں جس میں اسراف اور فضول خرچی ہوتی ہے اور جو جہیز و لین دین کے ذریعہ مقرر کی جاتی ہے ۔ جناب محمد تاج الدین نے اپنی صدارتی تقریر میں کہاکہ شادی سے قبل اور شادی کے بعد بھی کونسلنگ ضروری ہے ۔ انہوںنے  والدین کو مشورہ دیاکہ وہ شادی سے قبل لڑکا ہو یا لڑکی اس کے بارے میں مکمل تحقیقات کریں اور مطمئن ہونے کے بعد ہی شادی طئے کریں۔ جناب تاج الدین نے کہاکہ ایم ڈی ایف کے دفتر میں کونسلنگ سنٹر قائم کیا گیا ہے  جس سے استفادہ کیا جانا چاہئے تاکہ شادی کے  بعد ادواجی زندگی میں پیدا مسائل کی یکسوئی کی جاسکے ۔ محترمہ نفیسہ خان سکریٹری مہیلا منڈل ناگرجناساگر اور جناب سید فہیم الدین نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ حافظ و قاری ڈاکٹر صابر پاشاہ خطیب مسجد حج ہاوز کی قرات کلام پاک سے دوبہ دو پروگرام کا آغاز ہوا ۔ جناب احمد صدیق مکیش نے بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ نعت شریف  پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ جناب اے اے کے امین نے پروگرام کی کارروائی چلائی ۔ اس موقع پر جناب ایم نے قدیر آرگنائزنگ پریسیڈنٹ ‘ میر انوار الدین ‘ ایس الیاس باشاہ ‘ محمد برکت علی ‘ صالح بن عبداللہ باحاذق ’ محمد  احمد  ‘سید ناظم الدین  ‘غلام محی الدین فاروق ‘ محمد سراج الدین قریشی ‘ احمد صدیق مکیش ‘  موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد ناظم علی ‘ ڈاکٹر سیادت علی ‘ لطیف النساء ‘ رئیس النساء ‘ فرزانہ ‘ امتیاز ترنم ‘ سیدہ محمدی ‘ شبانہ نعیم ‘ ثانیہ ‘ صبا ترنم ‘ تسکین ‘ زاہد فاروقی ‘ محمد نصر اللہ خان ‘ زبیدہ بیگم ‘ مہر النساء ‘ اوردوسروں نے کونسلنگ میں حصہ لیا ۔ دو بہ دو پروگرام میں جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ‘ جناب خواجہ کمال الدین (امریکہ) جناب زاہد محمود صدیق سعودی ایر لائنز ‘ جناب ماجد انصاری ‘ سید تجمل حسین ‘ جناب سید رفیق احمد ‘ سید خلیل خان ‘ محمد نصیرالدین ‘ منور علی مختصر اور کئی معززین نے شرکت کی ۔انہوں نے جناب ظہیرالدین علی خان کو دوبہ دو ملاقات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے ملاپ گارڈن فنکشن ہال  کے مالکین جناب سید کلیم الدین ‘ سید فہیم الدین ‘ جناب مسعود کا ان کے فراخدلانہ تعاون پرشکریہ ادا کیا ۔ 67 واں دوبہ دو ملاقات پروگرام  شام 4-30 بجے اختتام کو پہنچا۔