اسرائیل کے میزائیل حملے میں تین شامی فوجی ہلاک، 7 زخمی

اسرائیل کی جانب سے توثیق، کوہ حرمن پر راکٹوں سے حملے پر جوابی کارروائی کا ادعا
بیروت 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے شام کے فوجی مورچوں پر جنوبی علاقہ میں آج علی الصبح حملہ کیا جس سے 3 فوجی ہلاک اور دیگر 7 زخمی ہوگئے۔ سرکاری زیرانتظام خبررساں اداروں نے اطلاع دی ہے کہ نامعلوم فوجی عہدیداروں نے کہاکہ فوجی چوکیوں پر جنوبی شام کے علاقہ جنیترا میں حملہ کیا گیا جو اسرائیلی زیرقبضہ گولان پہاڑیوں کے قریب واقع ہیں۔ اُنھوں نے مادی نقصان پہنچایا۔ اسرائیل کی فوج کے ترجمان نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر میں توثیق کی کہ اسرائیل نے کئی فوجی چوکیوں پر شام کے علاقہ میں حملہ کیا تھا۔ اسرائیل کے بموجب اِن میں دو فوجی بیٹریاں بھی شامل ہیں۔ کئی دیگر مبصرین اور سراغ رسانی چوکیوں پر بھی حملہ کیا گیا۔ SA2 فوجی دفاعی یونٹ پر بھی حملہ ہوا۔ برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق جو اپوزیشن کا مقرر کردہ مبصر ہے، کہاکہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے مورچوں پر حملہ کیا اور ایرانی فوج کے سپاہیوں پر اور لبنان میں حزب اللہ جنگجوؤں پر بھی حملے کئے گئے۔ یہ حملے اسرائیلی فوج کے بموجب 2 راکٹ حملوں کے جواب میں کئے گئے جو گولان پہاڑیوں پر داغے گئے تھے۔ اسرائیل کی فوج نے ہفتہ کے دن کہاکہ ہلاکتوں کی یا نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ شام کی جانب سے گولان پہاڑیوں پر راکٹ داغے گئے تھے۔ اسرائیل نے تسلیم کیاکہ شام پر درجنوں فضائی حملے کئے گئے جن کا نشانہ ایرانی فوجی مورچے اور ایران کے حلیف تھے۔ یروشلم سے موصولہ اطلاع کے بموجب اسرائیلی محکمہ دفاع نے آج شام کی فوجی چوکیوں پر حملوں کی تصدیق کردی تاہم کہاکہ یہ شام کے راکٹ حملوں پر جوابی کارروائی تھی جو مقبوضہ گولان پہاڑیوں پر داغے گئے تھے۔