اسرائیل اور فلسطین کی امن معاہدہ کی سمت پیشرفت

جان کیری کا دعویٰ ، صدر فلسطین محمود عباس سے ملاقات
رملہ ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اسرائیل اور فلسطین ایک جامع امن معاہدہ کی سمت پیشرفت کررہے ہیں لیکن ابھی قطعیت کے ساتھ کچھ نہیں کہا جاسکتا ۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے آج رملہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے تقریبا تین گھنٹے کی ملاقات کے بعد یہ بات کہی ۔

انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ گزشتہ دو دن کے دوران مذاکرات میں نمایاں پیشرفت ہوئی ۔ اس کے علاوہ کئی اہم مسائل کو حل کیا گیا اور دوسروں کے لیے نئے مواقع فراہم کئے گئے ۔ گزشتہ ایک سال کے دوران جان کیری کا اس علاقہ کا دسواں دورہ ہے ۔ وہ ہفتہ کو ہی یروشلم میں وزیر اعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو سے ملاقات کرنے والے ہیں ۔ اس کے بعد وہ اردن اور سعودی عرب جائیں گے ۔ وہ اس بات پر بدستور پر امید ہیں کہ فلسطین اور اسرائیل بہت جلد امن سمجھوتہ کی تکمیل کرلیں گے ۔ جان کیری کی سفارت کاری ان دونوں فریقوں کے مابین گذشتہ تین سال سے جاری تعطل کو ختم کرنے میں کامیاب ثابت ہوئی ۔ جب گذشتہ سال مارچ میں فلسطین اور اسرائیل مذاکرات کے لیے ایک دوسرے کے دوبدو آئے تھے ۔۔