استغفار کا وقت مستحب

توبہ و استغفار بندہ کسی بھی وقت کرلے فائدہ ہی فائدہ ہے ، مگر بعض خاص اوقات ، دعاء و استغار کی قبولیت کے ہیں ۔ خاص طورپر رات کے آخر کا تہائی حصہ ( تہجد کا وقت ) ، اس وقت بندہ جو بھی دعاء و استغفار کرلے اﷲ تعالیٰ اس کو شرف قبولیت سے نوازتے ہیں ، بلکہ از خود اعلان فرماتے ہیں : کہ کوئی مجھ سے مانگے تو میں عطا کروں ، معافی چاہے تو اسے معافی دوں۔
حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ اﷲ تبارک و تعالیٰ رات کے آخر کے تہائی حصہ میں آسمان دنیا پر نزول فرماتے ہیں اور اعلان فرماتے ہیں : ہے کوئی جو مجھ سے دعا ء مانگے اور میں اس کی دعاء قبول کروں ؟ ہے کوئی جو مجھ سے گناہوں گناہوں کی معافی طلب کرے اور میں اسے معافی عطا کروں ؟ صبح تک یہ اعلان ہوتا رہتا ہے ۔ (رواہ البخاری )