اردو کے فروغ کے لئے فنڈ کی کمی نہیں ہونے دی جائے گی: پرکاش جاڈیکر ملاقات کے دوران قومی کونسل کے وائس چیئرمین ڈاکٹر شاہد اختر سے وزیر موصوف کی یقین دھانی

نئی دہلی (پریس ریلیز) وزارتِ فروغ انسانی وسائل وزیر عزت مآب جناب پرکاش جاڈیکر سے قومی اردو کونسل برائے فروغ اردو زبان کے وائس چئیرمین ڈاکٹر شاہد اختر نے ملاقات کی اور فروغ اردو کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر شاہد اختر نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جناب پرکاش جاڈیکر نے این ڈی اے سرکار کے کونسل کے بجٹ میں اٹھاسی فیصد کے اضافے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت اردو کے فروغ کے لیے بہت سنجیدہ ہے اور بجٹ میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں کونسل کے وائس چئیرمین نے کہا کہ اردو کے فروغ کے لیے تین ریاستوں میں انٹریکٹو پروگرام کرنے جارہی ہے۔ آئندہ ماہ جھاڑکھنڈ میں 10 تا 12 فروری، آسام میں میں 15تا 17 فروری اور منی پور میں 25تا 28 فروری یہ پروگرام کیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ان ریاستوں کی سرکاری اکیڈمیوں اور تنظیموں سے مل کر کونسل ایسا مضبوط لائحہ عمل تیار کرے گی جس سے اردو زبان کا فروغ ممکن ہو سکے اور گھر گھر اردو کا چراغ جل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ فی الوقت حکومت ہند کے جانب سے اقلیتوں کے لیے جو مہم چلائی جا رہی ہیں کونسل ان اسکیموں کے عوام کو واقف کرانے کیلئے بیداری مہم چلا ئے اور یہ بھی کہا کہ کونسل کے کمپیوٹر کورس caba mdtp کی تحت جو فارغ ہو رہے ہیں سرکار انکے مستقبل کے لیے کارپوریٹ اور سرکاری سیکٹر میں صوبائی اور ضلعی سطح پر میلے لگا کر انہیں روزگار فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر شاہد اختر نے بتایا کہ وزیر موصوف نے خاص طور پر کہا کہ جامعات سے فارغ طلباء و طالبات کے علاوہ مدارس سے فارغین کےلیے بھی کیرئیر کونسلگ کا اہتمام کیا جائے تاکہ ان بچوں کا داخلہ بھی میڈیکل ، انجینئرنگ اور دوسرے شعبوں میں ہو جائے۔ ڈی پی ایس، ڈی اے بی سینٹرل اسکول اور نودے ودھیالوں جیسے اسکولوں میں بھی اردو کے فروغ کے لیے مسابقتی اور کویز پروگراموں کے انعقاد پر بھی پرکاش جاڈیکر نے نے زور دیا تاکہ اردو تک ان بچوںکی بھی رسائی ہو سکے۔