ارباز خان نے کرکٹ پر سٹہ بازی کا اعتراف کرلیا

آئی پی ایل 2018ء کے کسی بھی میچ پر بیٹنگ کی تردید
تھانے۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار اور فلمساز ارباز خان نے آج پولیس سے کہا کہ وہ گزشتہ 5 تا 6 سال سے کرکٹ میچوں پر بیٹنگ لگاتے رہے ہیں۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ تاعمر اداکار ارباز نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے 27 مئی کو ختم شدہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سیزن 2018ء کے دوران کسی بھی میچ پر بیٹنگ نہیں لگائی تھی۔ عہدیداروں نے کہا کہ ارباز خان آئی پی ایل میں مبینہ سٹہ بازی کے ضمن میں پولیس کے روبرو اپنا بیان قلمبند کروانے کے لئے آج صبح تھانے پولیس کے شعبہ انسداد جبری وصولی پہونچے تھے۔ ایک پولیس عہدیدار نے اپنی شناخت کو پوشیدہ رکھنے کی شرط پر کہا کہ ’’اس اداکار نے پولیس سے کہا کہ وہ گزشتہ پانچ تا چھ سال سے کرکٹ میچوں پر بیٹنگ لگا رہے تھے‘‘۔ تھانے پولیس نے 50 سالہ ارباز کے نام کل سمن جاری کرتے ہوئے آج حاضری کی ہدایت کی تھی۔ انسداد جبری وصولی شعبہ نے 15 مئی کو سٹہ بازی کا ایک ریاکٹ بے نقاب کیا تھا۔ اس ضمن میں چار افراد گرفتار کئے گئے تھے۔ ان میں سونو جالان عرف سونو مالدڈ بھی شامل تھا جو ملک کے چند سرکردہ بکیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انسپکٹر پردیب شرما نے کہا کہ دوران تفتیش جالان اور ارباز خان کے درمیان رابطہ کا پتہ چلا تھا۔ جالان کیساتھ سٹہ بازی میں ارباز خان 2.80 کروڑ روپئے ہار گئے تھے اور جالان کو رقم ادا نہیں کررہے تھے جس کے بعد بُکی نے اداکار کو دھمکی بھی دی تھی۔