ادارہ سیاست کی جانب سے تعمیر شدہ بیت المعمرین ( اولڈ ایج ہوم ) کا افتتاح ،نواب مفخم جاہ بہادر کے علاوہ دیگر معززین کی شرکت 

حیدرآباد: ادارہ سیاست ملت بلا مذہب وملت قوم کی ہر ممکنہ امداد کرنے کیلئے معروف و مشہور ادارہ ہے ۔ سیاست کی جانب سے کبھی دسویں جماعت کے طلبہ میں کوئسچن ماڈل پیپر مفت سربراہ کرتا ہے تو دو بہ دو کے نام سے غریب بچے و بچیوں کے رشتوں کروائے جاتے ہیں۔ اس طرح کے بلا مذہب وملت کئی فلاحی کام کئے جاتے ہیں ۔ اور اب سیاست کی کوششوں میں ایک نیا باب کھل گیا ہے ۔ ادارہ سیاست کی جانب سے معمر حضرات کیلئے ’’ اولڈ ایج ہوم ‘‘ تعمیر کیا گیا ہے ۔ وقار آباد کے پرسکون علاقہ میں اس کی تعمیر عمل آچکی ہے ۔ اور کل باضابطہ اس کا افتتاح نواب کرامت علی خان مفخم جاہ بہادر کے ہاتھوں عمل میں آیا ہے ۔

اس موقع پر پرنس مفخم جاہ بہادر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ سیاست اس طرح کے فلاحی کاموں سے شہر حیدرآباد کے معمر شہریو ں کی خدمت کررہا ہے اور انہیں امید ہے کہ مسکن برائے معمرین کو ہر ممکنہ سہولتیں فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج معیاری تعلیم کی بہت زیادہ ضرورت ہے اگر مدرسہ عالیہ کی بحالی کے لئے اقداما ت کئے جاتے ہیں تو وہ ایسی صورت میں جناب زاہد خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ہر قسم کا تعاون کرنے تیار ہیں۔ اس مو قع پر زاہد علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں ایسے تعلیمی ادارے ہیں جو سینکڑوں سال قدیم تہذیبی ورثہ میں شامل ہیں او ران تعلیمی اداروں کے معیار تعلیم بھی بہت اعلی ہیں اگر ہمیں موقع میسر آتا ہے تو ایسی صورت میں مدرسہ عالیہ کے بھی معیار کو بحال کیا جاسکتاہے ۔ ایڈیٹر سیاست نے مزید کہ ادارہ سیاست کی جانب معمر شہریوں کی خدمت کے لئے مفخم جاہ بہادر سے بہتر شخصیت نظر نہیں آئی اسی لئے انہوں نے اس بیت المعمرین کے رسمی افتتاح کیلئے انہیں دعوت دی گئی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر حیدرآباد کی ترقی خاندان آصفیہ کی مرہون منت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا او راس خاندان کے چشم وچراغ کی شہر میں موجودگی سے استفادہ کرتے ہوئے ہم نے انہیں مدعو کیا ۔ اس موقع پر جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارہ سیاست کی جانب سے تعمیر کئے گئے اس بیت المعمرین کا نام ’’ سکون ‘‘ رکھا گیا ہے ۔اس میں عمر رسیدہ افراد کے لئے تمام بنیادی و طبی سہولتیں فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ سکون ‘‘ پوری طرح تیار ہے بس کچھ دیگر کام باقی ہے ۔ انہیں بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اس افتتا حی تقریب میں شرکت کرنے والوں میں زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر کے علاوہ مسٹر ڈاکٹر شاہد علی خان ، عامر علی خان ، اصغر علی خان ، فخر علی خان ، علی مسقطی ، افتخار حسین ، اعزاز الرحمان ، صارب رسول خان اور دیگر معززین شامل تھے ۔