اخروٹ کھائیے چست رہئے

خشک میوہ جات میں اخروٹ بھی ہے ۔ جس کا مغز بڑے شوق سے کھایا جاتا ہے جو بہت توانائی بخش اور مفید ہوتا ہے ۔
جب اس کا پھل اکٹھا کیا جاتا ہے تو اسے فوری استعمال نہیں کیا جاتا کیونکہ اس وقت اس میں دودھ جیسی رطوبت ہوتی ہے جسے کچا پھل بھی کہتے ہیں ۔ تین ماہ بعد یہ دودھ جیسی رطوبت جم کر مغز بن جاتی ہے جسے مغز اخروٹ کا نام دیا جاتا ہے ۔ اس کا درخت لگانے کے چار سال بعد پھل دینے کے قابل ہوتا ہے اور درخت کی لمبائی دس سے چالیس میٹر تک ہوسکتی ہے ۔ اخروٹ کو عربی میں جوز ، فارسی میں گردگان ، سندھی میں اکھروٹ اور انگریزی میں  Walnut کہتے ہیں ۔ ایرانی اخروٹ بہترین مانا جاتا ہے ۔اسکی 30 سے زائد اقسام ہیں ۔ اخروٹ غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں بہت سے اہم غذائی اجزاء ہوتے ہیں ۔ اپنی بے پناہ غذائیت کی وجہ سے اخروٹ بے پناہ طبی فوائد رکھتا ہے ۔