اخروٹ دل کے دورے سے بچا سکتا ہے !

کیا آپ کو معلوم ہے کہ اخروٹ کھانے کی عادت آپ کو دل کے دورے سے بچاسکتی ہے؟یہ دعویٰ امریکہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ دو اخروٹ کھانا امراض قلب سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔خشک میوے میں شمار کیا جانے والا اخروٹ ہمیشہ سے طبی لحاظ سے فائدہ مند قرار دیا جاتا ہے اور اسے موٹاپے سے بچاؤ کے لئے بھی بہترین سمجھا جاتا ہے مگر یہ پہلی بار سامنے آیا ہے کہ یہ زندگیاں بھی بچا سکتا ہے۔تحقیق کے مطابق اخروٹ میں ایسے پروٹینز، وٹامنز، مرلز اور فیٹس ہوتے ہیں جو جسم میں کولیسٹرول لیول کو کم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں جس سے دل کے دورے کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔محققین کا کہنا ہے کہ نتائج سے اس بات کا عندیہ ملتا ہے کہ نٹس جیسے اخروٹ خون کی شریانوں سے متعلق امراض کے خطرات کو کم کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اخروٹ کو کھانے سے کولیسٹرول ، گلیسرول، ایل ڈی ایل کولیسٹرول اور اے پی او بی کی سطح میں کمی آتی ہے۔تحقیق کے مطابق اخروٹ کے استعمال سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کے شکار افراد میں دل کے امراض میں مبتلا ہونے کے خطرے میں کمی لانے میں بھی مدد ملتی ہے۔یہ تحقیق طبی جریدے امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوئی۔