احتجاج کا تسلسل، ہاردک کا عہد، خواتین کے جلوس کا اعلان

احمدآباد ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہاردک پٹیل نے آج کہا کہ پٹیل برادری کا تحفظات کیلئے احتجاج سابقہ منصوبوں کے مطابق جاری رہے گا۔ پٹیل برادری کی خواتین کا ایک جلوس عنقریب سوراشٹرا کے علاقہ میں نکالا جائے گا۔ ہائیکورٹ میں سماعت کے بعد انہوں نے ریاست کے مختلف علاقوں میں حکومت گجرات پر دباؤ میں اضافہ کرنے کیلئے کئی دیگر پروگراموں کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ راجکوٹ میں ایک اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ خودکشی کرنے والے اومیش پٹیل کے خاندان کو تعزیت پیش کی جائے۔ چیف منسٹر کے تبصروںکا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت مناسب تحقیقات نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے جلوس کے لئے مقام اور تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا۔ ہمت نگر کے جلسہ عام کے بعد اس کا فیصلہ کیا جائے گا۔ توقع ہیکہ جلسہ عام میں پٹیل برادری کے 2 لاکھ افراد شرکت کریں گے۔ گجرات ہائیکورٹ نے آج پٹیل کوٹہ احتجاج کے قائد ہاردک پٹیل کے وکیل کو ہدایت دی کہ مزید الزامات عائد نہ کریں جس کے نتیجہ میں صورتحال مزید ابتر ہوسکتی ہے۔ ہاردک کے مبینہ اغوا کے بارے میں دعوے کے ٹھوس مختصر حلفنامہ کا عدالت نے وکیل صفائی سے مطالبہ کیا۔ ہاردک کے وکیل بی ایم منگوکیا نے ایک تفصیلی حلف نامہ داخل کیا تھا جس میں ریاست پر کئی الزامات عائد کئے گئے تھے۔ ہائیکورٹ کی ڈیویژن بنچ نے جو جسٹس ایم آر شاہ اور کے جے ٹھاکر پر مشتمل تھی، کہا کہ انہیں الزامات اور جوابی الزامات کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔