اترپردیش کے چار روزہ دورے پر پرینکا گاندھی وڈرا کا دورہ لکھنؤ

کل ہند کانگریس جنرل سکریٹری برائے مشرقی یو پی کو ’’گنگا یاترا‘‘ کی اجازت، پارٹی کارکنوں سے آئندہ انتخابی تیاریوں پر تبادلہ خیال

لکھنؤ: 17 مارچ(سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابت کے پیش نظر اترپردیش میں کانگریس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے پارٹی جنرل سکریٹری و مشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا چار روزہ دورے پر اتوار کی صبح لکھنؤ پہنچ گئیں۔پارٹی کے ریاستی صدر راج ببر اور نسیم الدین صدیقی سمیت کئی سینئر لیڈروں نے ائیر پورٹ پر محترمہ گاندھی کا استقبال کیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری پارٹی کے ریاستی دفتر پر کانگریس لیڈروں کے ساتھ کئی مرحلوں میں میٹنگ کر کے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیں گی۔محترمہ گاندھی پارٹی کے اراکین اسمبلی اور لوک سبھا کوآرڈینیٹر سمیت مشرقی اترپردیش کے لیڈروں سے بات چیت کریں گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کانگریس جنرل سکریٹری دیر شام پریاگ راج کے لئے روانہ ہو جائیں گی جہاں سے وہ تین دنوں تک اسٹیمر سے 140 کلو میٹر طویل گنگا یاترا کو پورا کریں گی۔اس سے قبل محترمہ گاندھی کے یو پی دورے کے حوالے سے کافی چہ میگوئیاں کی جارہی تھیں لیکن سنیچر دیر رات پریاگ راج ضلع انتظامیہ سے گنگا یاترا کی اجازت ملنے کے بعد دورے کو ہری جھنڈی مل گئی۔

پرینکا کو ملی ‘‘ گنگا یاترا’’ کی اجازت
کانگریس جنرل سکریٹری اور مشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا کو پریاگ راج سے وارانسی کے لئے ‘‘گنگا یاترا’’ کی اجازت انتظامیہ نے دے دی ہے ۔ اترپردیش کانگریس کے ترجمان کشور وارشنے اتوار کو بتایا کہ ضلع کانگریس صدر انل دویدی کی قیادت میں دو دن پہلے ضلع انتظامیہ سے جنرل سکریٹری کے لئے گنگا کے راستے سفر کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ لمبی جدوجہد کے بعد سنیچر دیررات انتظامیہ نے ‘‘گنگا یاترا’’ کی اجازت دے دی۔ مسٹر کشور نے بتایا کہ انتظامیہ نے لوائن گھاٹ سے سرسا گھاٹ تک اسٹیمر سے سفر کی اجازت دی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ بھلے ہی لوائن سے اجازت دی ہے لیکن گنگا یاترا منیّا گھاٹ سے نکالی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پرینکا گاندھی پیرکو کار کے ذریعہ یمنا پار میں نینی کے نزدیک منیا گھاٹ پہنچ کر اسٹیمر سے گنگا سفر کا آغاز کریں گی۔ اس دوران ان کے ساتھ کانگریس کے سینئر لیڈر ان موجود ہوں گے ۔ ترجمان نے بتایا کہ جنرل سکریٹری کا تین روزہ پریاگ سے وارانسی کا سفر آبی راستے سے ہوگا۔ اس درمیان مرزا پور، بھدوہی علاقے میں آنے جانے کے لئے بری راستے کا استعمال کریں گی۔ اس دوران کئی گاؤں اور عبادت گاہوں پر بھی جائیں گی۔ وہ ان علاقوں میں عوام، کارکن اور بنکروں سے ملاقات کر کے ان کی اور علاقے کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ آبی راستے سے سفر کرنے کا مقصد دیہی علاقوں کے ان لوگوں کی حالت زار جاننا ہے جن کی آواز صحیح جگہ تک نہیں پہنچ پاتی اور وہ کسی بھی قسم کی سہولت سے ہمیشہ محروم رہتے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ محترمہ گاندھی پلوامہ دہشت گردانہ حملے میں شہید سی آر پی ایف جوان مہیش یادو کے گاؤں جا کر ان کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کریں گی۔