آسام اور دیگر ریاستوں میں سیلاب کی سنگین صورتحال

بڑی ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر ، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ، ممبئی میں بار ش سے عام زندگی مفلوج
نئی دہلی ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کاسلسلہ جاری ہے ۔ آسام میں سیلاب کے باعث آج مزید دو افراد ہلاک ہوگئے اور مجموعی تعداد 31 تک پہونچ گئی ہے ۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ضلع گولہ گھاٹ میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 21 اضلاع میں تقریباً 17 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے اور 463 ریلیف کیمپس میں تقریباً 1.5 لاکھ افراد کو رکھا گیا ہے ۔ برہما پترا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے ۔ مہاراشٹرا ، یو پی ، بہار ، اوڈیشہ میں شدید بارش کے باعث لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ ممبئی میں عام زندگی بری طرح متاثر رہی ۔ مضافاتی ٹرین سرویس معطل کردی گئی ۔ کئی دیگر ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں ۔ بہار اور یو پی میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے ۔ بہار میں 27.50 لاکھ افراد پانی میں محصور ہیں ۔ یہاں اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ یو پی میں دریائے گنگا کے بشمول کئی ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں ۔ ریاست کے کئی مواضعات میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یو پی میں کئی علاقوں میں شدید بارش کے بعد رابطہ منقطع ہوا ہے ۔ سنٹرل واٹر کمیشن نے کہا کہ شارادا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے ۔ اس کے علاوہ گنگا ندی کا پانی تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ اوڈیشہ میں صبح سے شدید بارش کے بعد کئی علاقہ زیر آب آئے ہیں ۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی وجہ سے یہاں بارش کے ساتھ طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں ۔ بجلی گرنے سے اموات کی اطلاع ہے ۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں یہاں ساحلی اضلاع میں چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔ آسام اور بہار کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ۔ این ڈی آر ایف کی 44 ٹیمیں سرگرم ہیں ۔ یہ ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں بچاؤ کاری اور راحت کے اقدامات کررہی ہیں ۔ آسام میں متاثرین تک امداد پہونچائی جارہی ہے ۔ بہار میں بڑی ندیاں گھاگرا دارولی ، گنگا پورہ سیوان ضلع سیوان ، ضلع مظفر پوری باگمنی بین باؤ اور ضلع گھگھریا میں گوشی ، بالزا کے علاوہ دیگر 12 اضلاع زیرآب آچکے ہیں ۔

سیلاب کے پانی نے 3.39 ہیکڑس پر پھیلی کھڑی فصلوں کو تباہ کردیا ہے ۔ ممبئی میں مسلسل بارش سے عام زندگی درہم برہم ہوگئی ہے ۔ لوکل ٹرین سرویس معطل اور دیگر ٹرینوں کو تاخیر سے چلایا جارہا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کی پیش قیاس کی ہے ۔ گجرات پر طوفان کے بادل منڈلارہے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر وی کے راجیو نے کہا کہ مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ علاقوں میں شدید بارش ہوگی ۔ جولائی میں صرف ممبئی میں 925.6 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی جو یہاں کی معمول کی بارش 799.7 ملی میٹر ہوا کرتی تھی ۔ ممبئی میں کل بھی شدید بارش ہوئی تھی ۔ سنٹرل لائین پر چلنے والی گاڑیاں تاخیر سے چل رہی ہیں ۔ اسی دوران کومٹ گارڈ ریجنل ہیڈ کوارٹرس نے ایک اڈوائزری جاری کی ہے اور ماہی گیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں ۔ مہاراشٹرا ، گوا ، کرناٹک ، کیرالا اور مرکزی زیرانتظام علاقہ لکشادیپ میں /31 جولائی تک ماہی گیر پر پابندی عائد کردی گئی تھی ۔