آزادی کے بعد پہلی مرتبہ 1,75,025 ہندوستانیوں کا سفر حج ، 47% خواتین

۔1,308 خواتین محرم کے بغیر حج کریں گی ، سبسڈی کی برخاستگی کے باوجود ایرلائینس کو 973 کروڑ روپئے کی ادائیگی : مختار عباس نقوی

نئی دہلی۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ عازمین حج کو دی جانے والی سبسڈی کی برخاستگی کے باوجود اس سال ہندوستانی حج کمیٹی کے ذریعہ سفر کرنے والے عازمین کیلئے ایرلائینس کو 57 کروڑ روپئے کم ادا کئے جائیں گے۔ نقوی نے کہا کہ حج سبسڈی کی برخاستگی اور حکومت سعودی عرب کی طرف سے مختلف نئے ٹیکسیس عائد کئے جانے کے باوجود ہندوستانی عازمین کسی نئے مالی بوجھ کے بغیر مقدس سفر پر روانہ ہوں گے۔ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور نے حج رابطہ کاروں مددگار افسران حج یا حج اسسٹنٹس کے یہاں منعقدہ تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال 1,75,025 ہندوستانی حج کیلئے روانہ ہوں گے جو آزادی ہند کے بعد پہلی مرتبہ ایک ریکارڈ تعداد میں جن میں 47% خواتین ہیں اور یہ خود بھی ایک دوسرا ریکارڈ ہے۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ گزشتہ سال ہندوستانی حج کمیٹی کی طرف سے سفر کرنے والے 1,24,852 عازمین کیلئے 1,030 کروڑ روپئے ادا کئے گئے تھے۔ اس سال 1,28,702 عازمین کیلئے 973 کروڑ روپئے ادا کئے جائیں گے۔ اس طرح حج سبسڈی کی برخاستگی کے باوجود ایرلائینس کو 57 کروڑ روپئے کم ادا کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے جنوری میں اعلان کیا تھا کہ اس سال سے حج کیلئے کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور اس اس سبسڈی کے نہ دینے سے پہنچنے والی ٹیم اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص خواتین اور لڑکیوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ حکومت نے جنوری میں اعلان کیا تھا کہ رواں سال سے عازمین حج کو کوئی سبسڈی نہیں دی جائے گی۔ یہ فیصلہ سپریم کورٹ کی طرف سے 2012ء میں جاری کردہ حکم کے خطوط پر کیا گیا ہے جس میں حکومت کو آج سبسڈی برخاست کردینے کیلئے کیا گیا تھا۔ نقوی نے کہا کہ حج کیلئے 3,55,604 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 1,89,217 مردوں اور 1,68,387 خواتین کی تھیں۔ نقوی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ ہندوستان سے چند خواتین محرم کے بغیر فریضہ حج ادا کریں گی۔ اس سال ہندوستان کی 1,308 خواتین کو محرم کے بغیر حج کیلئے روانہ ہوں گی۔ سعودی عرب میں خاتون ڈاکٹرس، نیم طبی اسٹاف، خادم الحجاج، حج اسسٹنٹس اور خاتون حج رابطہ کاروں کی کثیر تعداد تعینات کی جارہی ہے۔ نقوی نے کہا کہ سعودی عرب میں عازمین کی اعانت کیلئے 98 اسسٹنٹ حج آفیسرس، حج اسسٹنٹس حج رابطہ کار ڈاکٹرس اور نیم طبی عملہ تعینات کیا جارہا ہے۔ وزارت اقلیتی اُمور، وزارت صحت، وزارت شہری ترقیاتی کے نمائندوں نے آج منعقدہ تقریب میں شرکاء کو سفر حج سے متعلق مختلف اُمور سے واقف کروایا جن میں عازمین کی صحت، حفاظت و سلامتی اور رہائش سے متعلق اُمور بھی شامل تھے۔حج پروازوں کا 14 جولائی سے دہلی، گیا، گوہاٹی، لکھنؤ اور سرینگر سے آغاز ہوگا۔ 17 جولائی کو کولکتہ، 20 جولائی کو وارناسی، 21 جولائی کو منگلور، 26 جولائی کو گوا اور 29 جولائی کو اورنگ آباد، چینائی، ممبئی اور ناگپور کے عازمین، مقدس سفر پر روانہ ہوں گے۔ 30 جولائی کو رانچی، یکم اگست کو احمدآباد، بنگلورو، کوچین، حیدرآباد اور جئے پور سے اور 3 اگست کو بھوپال سے عازمین حج کیلئے روانہ ہوں گے۔