آر جے ڈی منشور : خانگی شعبہ و عدلیہ میں بھی تحفظات کا وعدہ

تحفظات کی 50 فیصد تک کی حد ختم ہوچکی ہے ۔ پارٹی لیڈر تیجسوی یادو و دیگر نے منشور جاری کیا
پٹنہ 8 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) آر جے ڈی نے آج لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنا منشور جاری کردیا اور اس نے وعدہ کیا ہے کہ ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ ای بی سی اور او بی سی طبقات کیلئے خانگی شعبہ میں اور اعلی عدلیہ میں تحفظات فراہم کئے جائیں گے ۔ یہ تحفظات ان طبقات کو ان کی آبادی کے تناسب سے ہونگے ۔ پارٹی کے لیڈر تیجسوی یادو نے یہ منشور جاری کیا اور کہا کہ معاشی پسماندہ طبقات کو 10 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے اعلان کے ساتھ ہی 50 فیصد تحفظات کی جو حد تھی وہ ٹوٹ گئی ہے تو پھر اب ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ ای بی سی اور او بی سی طبقات کو بھی ان کی آبادی کے مطابق تحفظات دئے جانے چاہئیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ملک میں جملہ تحفظات کی حد کو 50 فیصد مقرر کیا ہوا ہے اور مرکزی حکومت نے گدشتہ مہینے سپریم کورٹ میں معاشی پسماندہ طبقات کو 10 فیصد تحفظات فراہم کرنے کی مدافعت کی ہے اور کہا کہ سماجی مساوات کو یقینی بنانے ایسا کیا گیا ہے ۔ آر جے ڈی کے منشور میں کہا گیا ہے کہ اعلی عدلیہ اور خانگی شعبہ میں ان طبقات کو ان کی آبادی کے مطابق تحفظات فراہم کئے جانے چاہئیں ۔ منشور میں کہا گیا ہے کہ 2020-21 میں ذات پات کی بنیادوں پر مردم شماری بھی کی جائے گی ۔ اس منشور میں یہ بھی واضح کردیا گیا ہے کہ آر جے ڈی ‘ کانگریس کے منشور کی بھی مکمل تائید و حمایت کرتی ہے اور کانگریس نے نیائے اسکیم کا جو اعلان کیا ہے اس کی تائید و حمایت کی جاتی ہے ۔ یہ اسکیم بہار جیسی ریاستوں کیلئے مفید ثابت ہوگی ۔ تیجسوی یادو کے ہمراہ راجیہ سبھا کے رکن و پارٹی کے قومی ترجمان منوج جھا ‘ بہار آر جے ڈی سربراہ رام چندر پروے اور دوسرے بھی موجود تھے ۔ ار جے ڈی نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ سماجی معاشی ذات پات کی مردم شماری کے ڈاٹا کو منظر عام پر لائے ۔ یہ سروے یو پی اے حکومت نے کیا تھا ۔ پارٹی کے منشور میں کہا گیا ہے کہ ریاست سے باہر رہنے والے بہار کے شہریوں کیلئے ایک ہیلپ لائین نمبر شروع کیا جائیگا اور ملک کے ہر بڑے شہر میں ایک ہیلپ سنٹر بھی قائم کیا جائیگا ۔ منشور کے مطابق پارٹی اس بات کو یقینی بنائیگی کہ گھریلو پیداوار کا چھ فیصد حصہ تعلیم پر خرچ کیا جائے اور چار فیصد حصہ نگہداشت صحت پر خرچ کیا جائے ۔ تیجسوی یادو نے اپنے بڑے بھائی تیج پرتاپ یادو کی حالیہ سرگرمیوں سے متعلق سوال کا راست جواب دینے سے گریز کیا ۔ بہار میں لوک سبھا کی 40 نشستیں ہیں اور آر جے ڈی 20 سے مقابلہ کر رہی ہے ۔ کانگریس کیلئے نو حلقے چھوڑے گئے ہیں۔